• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر تسلیم شدہ تنازع ہے، کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، نفیس زکریا

لندن ( نیوز ڈیسک ) برطانیہ میں پاکستان ہائی کمشنر نفیس زکریا نے اس امر کی یاددہانی کرائی ہے کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک تنازع ہے جس پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں پر تاحال عمل درآمد نہیں ہو سکا ۔ ا نہوں نے کشمیریوں کے جائز حق رائے دہی کی اخلاقی،سیاسی اورسفارتی سپورٹ کیلئے حکومت پاکستان کی پالیسی کا اعادہ کیا۔ ہائی کمشنر نے بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی بحران کی تازہ ترین صورت حال پر بریفنگ دی جہاں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی محاصرہ کو 166 دن ہو گئے ہیں۔ مسٹر زکریا مختلف مسلم ممالک سے آئے ہوئے لوگوں سے خطاب کر رہے تھے جو نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے ہائی کمیشن پر جمع ہوئے تھے۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے بین القوامی برادری کو کشمیری عوام کی حالات زار پر توجہ دینے کی دعوت دی۔ ہائی کمشنر نے حاضرین کو وادی کی حالت زار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 5 اگست 2019 سے سخت پابندیوں اور فوجی محاصرہ کے باعث نہ صرف روز مرہ کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں بککہ بچے اور نوجوان اپنی تعلیم اور لوگ اپنی روزی سےمحروم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بھارتی حکومت کی جانب سے میڈیا، انٹرنیٹ اور مواصلات کے دوسرے زرائع کے بلیک آئوٹ برقرار رکھنے کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ۔مسٹر زکریا نے حاضرین کو ’’ مسلم ویمنز فورم‘‘ کی رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں بتایاگیا تھا کہ تقریباً 13000 کشمیریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اوران کے بارے میں کوئی اطلاعات نہیں ۔ انہوں نے کشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی حراست پر بین الاقوامی برادری کو متنبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس امر کا نوٹس لیں تاکہ اس کا انجام اجتماعی قبروں کی دریافت جیسا نہ ہوجائے ۔مسٹر زکریا نے اجتماع سے درخواست کی کہ کشمیری مظلوموں کیلئے دعا کریں اوربھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کو درپیش حالات پر آگہی کو فروغ دیں۔ واضح رہے کہ ہائی کمشنر 5 اگست 2019 سےبھارتی حکومت کی جانب سے یکطرفہ طور پر کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنا قوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور متعلقہ بین الاقوامی کنونشنز کی خلاف ورزی ہے جس پر وہ مسلسل کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔

تازہ ترین