• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئرلینڈ کا بہترین دوست بننے کی کوشش کرنا چاہئے،لیام فاکس

لندن ( جنگ نیوز) سابق ٹریڈ سیکرٹری ڈاکٹر لیام فاکس نے کہا ہے کہ بریگزٹ کے بعد برطانیہ کو آئرلینڈ کا بہترین دوست بننے کی کوشش کرنی چاہئے۔ بریگزٹ ریفرنڈم اور مذاکرات کے نتیجے میں آئرلینڈ اور برطانیہ کے کے درمیان سفارتی تعلقات تناؤ کا شکار ہو گئے تھے لیکن حالیہ دنوں میں بہتری کے کچھ آثار دکھائی دیئے ہیں۔ ڈاکٹر لیام فاکس نے کہا کہ انگلینڈ میں آئرش تعلقات پر بات ہو سکتی ہے۔ہمیں آئرش جمہوریہ کو یہ دکھانے کیلئے کام کرنا چاہئے کہ ہم ان کے فطری شراکت دار ہیں۔ لندن میں انسٹی ٹیوٹ فار گورنمنٹ ایونٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اینگلو آئرش تعلقات میں بہت زیادہ مواقع اور صلاحیتیں موجود ہیں ۔ بہتر تعلقات سے ہی دونوں ملکوں کے باہمی مفادات وابستہ ہیں ۔ بریگزٹ مذاکرات کے پہلے مرحلے میں آئرش بارڈر کا تنازع مرکزی حیثیت رکھتا تھا ۔ آئرلینڈ نے اصرار کیا کہ شمالی آئرلینڈ کے ساتھ اس کی سرحد پر کوئی نیا چیک یا متعلقہ کنٹرول نہیں ہونا چاہئے۔اکتوبر میں آئرش وزیراعظم لیو ورادکر کے ساتھ ملاقات کے بعد بالآخر وزیراعظم بورس جانسن اس پر راضی ہو گئے تھے ۔ حالیہ ہفتوں میں آئرش نائب وزیر اعظم سائمن کووننی اور شمالی آئرلینڈ کے سکریٹری جولین اسمتھ نے ایک معاہدے پر مل کر کام کیا جس کے ذریعے سٹورمونٹ میں منتشر حکومت کو بحال کیا گیا ۔
تازہ ترین