کراچی(اسٹاف رپورٹر)بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئینٹی سیریز کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں حیران کن طور پر جگہ بنانے والےاوپنر احسان علی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں آکر دباو کا شکار نہیں ہوں کیوں کہ اس سے قبل پی ایس ایل بھی کھیل چکا ہوں لیکن ہر کرکٹر کی طرح پاکستان کے لئے کھیلنا میرے لئے خواب تھا مجھے میرے خواب کی تعبیر ملی ہے۔جس دن ٹیم کا اعلان ہوا رات بھر سو نہیں سکا تھا صبح پریکٹس سیشن بھی تھا۔ڈھائی بجے ٹیم کا اعلان ہونا تھا ڈیڑ ھ بجے سےٹی وی کے سامنے بیٹھ گیا تھا۔وقت گذر ہی نہیں رہا تھا لیکن جب ٹیم کا اعلان ہوا تو خوشی نا قابل بیان تھی۔ہفتے کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہوم کراوڈ کے سامنے کھیلنا ااعزاز کی بات ہے۔ میں پہلے ہی پریشر سے گذر چکا ہوں اور کوشش کروں گا کہ موقع ملے تو اس سے فائدہ اٹھاوں۔پاکستانی ٹیم میں جگہ بنانا ہی عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی بیٹسمین روھت شرما میرے آئیڈیل ہیں کوشش کررہا ہوں کہ موقع ملے تو اپنا اصل کھیل بتاسکوں۔پاکستان کو میچ جتواں اور لمباعرصہ پاکستان کے لئے کھیلوں۔احسان علی نے کہا کہ کپتان بابر اعظم دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین ہیں ان کے ساتھ اننگز اوپن کرنا فخر کی بات ہوگی۔ان سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ میں صورتحال کے مطابق کھیلوں گا یہ نہیں ہے کہ ماردھاڑ کرکےکھیلوں گا۔میرا ٹارگٹ ہے کہ پاکستان کے لئے موقع ملے ورلڈ کپ کھیلنے کی بھی خواہش ہے۔پہلا میچ اس قدر اچھا کھیلوں کہ ٹیم سے باہر نہ ہوسکا۔بنگلہ دیشی کی ٹیم بہت مضبوط ہے اس لئے سیریز میں سخت مقابلہ ہوگا تماشائیوں سے درخواست ہے کہ گراونڈ میں آکر پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں۔