• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی محدود ضمانت کی مدت 20 روز قبل ہی مکمل ہو ئی

اسلام آباد (طارق بٹ) سابق وزیراعظم نواز شریف کی محدود ضمانت میں پہلے ہی توسیع ہو چکی۔ غیرملکی ڈاکٹروں کی جانب سے ان کی صحت یابی اور وطن واپسی کے قابل ہونے کی ضمانت دینا ابھی باقی ہے۔ بغرض علاج بیرون ملک مزید قیام کی اجازت دینے پر غور کے لئے پنجاب حکومت نواز شریف کی طبی رپورٹس کا جائزہ لے رہی ہے۔ ان کی رہائی میں ازخود توسیع ہو گئی جب کہ محدود ضمانت کی مدت 20 روز قبل ہی مکمل ہو چکی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے منظور کردہ اقرار نامے میں سابق وزیراعظم نے چار ہفتوں میں وطن واپسی کی یقین دہانی کرائی تھی وہ وطن واپس آ جائیں گے جب ڈاکٹرز ان کے قابل سفر ہونے کی تصدیق کر دیں گے۔ شہباز شریف نے وقتاً فوقتاً نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے توثیق کروا کر سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو روانہ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ چونکہ پنجاب کی انتظامیہ نے نواز شریف سے پوچھا نہیں تھا لہٰذا ان کی رہائی غیر معینہ مدت کے لئے ہوئی۔ وہ لندن میں زیرعلاج ہیں۔ پنجاب حکومت ان کی طبی رپورٹس کی ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان سے مل کر جانچ پڑتال کر رہی ہے جنہیں نامکمل قرار دیا جا رہا ہے تاہم ڈاکٹر عدنان نے اس دعوے کو مسترد کیا ہے۔ حکمراں جماعت کے رہنمائوں نے نواز شریف کی صحت پر اعتراضات اٹھانے شروع کر دیئے جب ان کی اہل خانہ کے ساتھ لندن کے ریسٹورنٹ میں بیٹھے ان کی تصویر وائرل ہوئی۔
تازہ ترین