• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خسرو بختیار کی کل سے گندم بحران کے خاتمے کی یقین دہانی

خسرو بختیار کی کل سے گندم بحران کے خاتمے کی یقین دہانی


وفاقی وزیرخوراک خسرو بختیار نے کل تک گندم کے منصوعی بحران کے خاتمے کی یقین دہانی کرادی۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں خسرو بختیار نے حالیہ گندم کے بحران کو مصنوعی قرار دیا اور ساتھ ہی وجہ بھی بتادی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی حکومت کے پاس 40 لاکھ ٹن گندم موجود ہے، بارشوں کی وجہ سے 12لاکھ ٹن پیداوار گزشتہ سال کم ہوئی، آٹے کے مصنوعی بحران کی وجہ سپلائی چین کا متاثر ہونا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ سندھ نے اپنی گندم اٹھانے میں تاخیر کی جبکہ پنجاب سے خیبرپختونخوا کو گندم کی فراہمی بند کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کل سے گندم کی سپلائی تیز کیے جانے کے بعد آٹے کی قیمتیں کم ہوجائیں گی، وفاقی حکومت عوام کی ضرورت کو اچھی طرح سمجھتی ہے۔

خسرو بختیار نے کہا کہ پاسکو 4 لاکھ ٹن گندم سندھ کو فراہم کررہا ہے، آج سندھ کو 10ہزار ٹن گندم پہنچائی جارہی ہے، کراچی کی ضرورت کے لیے گزشتہ روز 9 ہزار ٹن گندم دی گئی۔

وفاقی وزیر نے سندھ حکومت کو مزید گندم دینے کی پیشکش کی اور کہا کہ صوبائی حکومت چاہیے تو اسے پاسکو سے مزید گندم دے سکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کے پاس گندم کے ذخائر پورے ہیں، حکومت نے اسمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

خسروبختیار نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو بھی گندم کی فراہمی بڑھادی ہے، کل سے کے پی کو 10ہزار ٹن فراہم کی جائےگی۔

ان کا کہنا تھاکہ پاسکو ساڑھے 4 لاکھ ٹن گندم خیبرپختونخوا کو دے گا جبکہ مزید ایک لاکھ ٹن گندم دینے کا مطالبہ ای سی سی میں اٹھائیں گے۔

تازہ ترین