• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضیاءالدین بورڈ کے طلبہ کوداخلہ پالیسی میں شامل کیا جائے،انوار زئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ضیاء الدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر انوار احمد زئی نے بتایا ہے کہ بورڈ کی جانب سے 48پیشہ ورانہ اور تیکنیکی جامعات اور اداروں کو خط لکھا گیا ہے کہ اس سال ضیاء الدین بورڈ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی لے رہا ہے اس لئے پیشہ وارانہ اور تیکنیکی جامعات اور اداروں سے کہا گیا ہے کہ ضیاء الدین بورڈ سے فارغ ہونے والے طلباء و طالبات کو پیشہ وارانہ جامعات میں انٹری ٹیسٹ کے لئے اجازت دی جائے۔ پروفیسر انوار احمد زئی نے مزید بتایا کہ بیشتر جامعات کی جانب سے مثبت جواب بورڈ کو موصول ہوچکا ہے، اسی طرح سیکرٹری تعلیم اور ڈائریکٹر کالجز کراچی سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ میٹرک پاس کرنے والے طلباء و طالبات کو مرکزی داخلہ پالیسی میں شامل کرنے کے احکامات جاری کریں۔ سیکرٹری بورڈز اینڈ یونیورسٹیز کی جانب سے بھی پیشہ وارانہ تیکنیکی جامعات کو خط لکھا گیا ہے کہ ضیاء الدین بورڈ سے فارغ ہونے والے طلباء و طالبات کو انٹری ٹیسٹ میں شمولیت کرنے کے ساتھ دیگر بورڈز کی طرح اس بورڈ کا بھی کوٹہ مقرر کیا جائے۔ اس امر پر ضیاء الدین بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر انوار احمد زئی نے متعلقہ جامعات کے سربراہوں اور سیکرٹری بورڈز اینڈ یونیورسٹیز کا شکریہ ادا کیا ہے۔

تازہ ترین