• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ اردو میں داخلہ ٹیسٹ شفاف اور منظم ہوا، ڈاکٹرعارف زبیر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی آرٹس سائنس و ٹیکنالوجی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹرعارف زبیرنے کہا ہے کہ طلبا ء و طالبات مستقبل کے معمار ہیں ان کو نہ صرف نظری بلکہ عملی تعلیم اور تربیت کی بھی ضرورت ہوتی ہے تاکہ یہ متعلقہ شعبوں میں کامیابی سے کام کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد کے ہمراہ جامعہ اردو کے تحت ہونے والے داخلہ ٹیسٹ مرکز کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ اردونے یہ داخلہ ٹیسٹ ممتاز ماہر تعلیم کی زیر نگرانی منعقد کروائیںہیں۔ اس داخلہ ٹیسٹ کا مقصد میرٹ کوپروان چڑھانا ہے جو طلبہ اس ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے وہی داخلے کے اہل ہوں گے اور میرٹ سے ہٹ کرکسی بھی قسم کی سفارش پر داخلے نہیں دیئے جائیں گے۔ انہوں نے تمام انتظامات کا جائزہ لیا اور اس پر تسلی کا اظہارکیا اور ڈائریکٹر ایڈمیشن اور ایڈمیشن کمیٹی کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔ رجسٹرار ڈاکٹر ساجد جہانگیر نے کہا کہ جامعہ میں ہونے والے داخلہ ٹیسٹ شفاف اور منظم طور پرہوئے ہیں جس پر داخلہ کمیٹی مبارکباد کی مستحق ہے اور آئندہ بھی منظم طور پر یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد نے کہا کہ اس داخلہ ٹیسٹ میں ملک بھر سے تقریباً 4ہزار سے زائد طلباء و طالبات نے شرکت کی۔جامعہ کی تاریخ میں ہونے والے پہلے داخلہ ٹیسٹ میں شفافیت کا پوری طرح خیال رکھا گیاہے جس کے باعث ٹیسٹ بہتر ماحول میں ہوئے۔طلباء و طالبات کے ساتھ آنے والے والدین کے بیٹھنے کیلئے الگ انتظام کیا گیا تھا۔

تازہ ترین