• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے، جموں وکشمیر فورم فرانس

پیرس (رضا چوہدری) جموں وکشمیر فورم فرانس نے بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے، گزشتہ روز پیرس کے مقامی ریسٹورنٹ میں جموں وکشمیر فورم کا ایک اجلاس زیر صدارت صدر مرزا آصف جرال منعقد ہوا جس میں عہدیداران اور ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے 169 روز سے جاری بدترین لاک ڈاؤن کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی تاریخ کا ایک بڑا المیہ قرار دیا گیا، اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ 26 جنوری Place de la République میں بھارت کے جعلی جمہوری دعوے کو بے نقاب کرنے کے لیے کشمیریوں کے حق میں احتجاج کیا جائے گا، اجلاس سےچیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس نعیم چوہدری، صدر مرزا آصف جرال، جنرل سیکرٹری کامران بٹ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے ساڑھے پانچ ماہ سے مقبوضہ وادی میں سکیورٹی کے نام پر لاک ڈاؤن اورکشمیریوں کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع کر رکھا ہے، کریک ڈاؤن سے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں ایسے میں بھارت کس مُنہ سے دُنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کر رہا ہے، بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے، اُن پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے، لیکن اس کے باوجود اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے علمبردار اقوام عالم کے طاقتور ممالک نے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں ایک بڑا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے اگر اسی طرح دُنیا نے اپنی آنکھیں بند رکھیں اور بھارت کو کُھلی چُھوٹ دیے رکھی تواس کے نتائج پوری دُنیا کو بُھگتنے پڑیں گے، جموں وکشمیر فورم کے رہنماؤں نے کہا کہ بھارتی حکومت نا صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ بھارت کے اندر بھی اقلیتوں کے جمہوری، سیاسی اور بُنیادی انسانی حقوق کے لیے اُٹھنے والی آوازوں کو بند کرنے کے لیے غیر جمہوری اور غیر انسانی حربے استعمال کر رہی ہے جو قابل مذمت ہے، اس موقع پر جموں وکشمیر فورم کے سینئر رُکن خالق جرال کی والدہ کی وفات اور سانحہ نیلم المناک حادثے کا شکار ہونے والے شہداء کے درجات کی بُلندی اور مغفرت کے لیے دُعا بھی کروائی گئی۔ اجلاس میں جموں وکشمیر فورم فرانس کے رہنماؤں نے پیرس میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ 26جنوری کو بھارت کے خلاف احتجاج میں شریک ہو کر مِلی بیداری کا ثبوت دیں۔ 
تازہ ترین