• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوپورٹ پیگ نیل، گمشدہ 6 سالہ بچہ 9 گھنٹے بعد مل گیا

لندن (پی اے) چھ سالہ بچہ گزشتہ دنوں نیوپورٹ پیگ نیل سروسز پر غائب ہو گیا تھا، 9 گھنٹے کی اجتماعی کوششوں کے بعد ڈھونڈ لیا گیا، عادل عمیر رحیم کی تلاش کے لئے ایک ہزار سے زائد افراد نے پولیس کے ساتھ حصہ لیا، یہ بچہ سکول ٹرپ کے دوران شام کے وقت ایم 1 سروس سٹیشن سے گم ہو گیا تھا۔ طلبا کو لندن کے سفر کے بعد واپس نوٹنگم لے جانے والی سکول کوچ ایک وقفے کے لئے ملٹن کینز کے قریب نیوپورٹ پیک نیل سروسز پر رکی تھی، جہاں سے بچہ غائب ہوا، بچے کو ڈھونڈنے کیلئے ایک پولیس ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا گیا، جس کی مدد گراؤنڈ پر موجود افسران نے کی، فائر سروس کے عملہ اور تھامس ویلی پولیس کی سرچ ٹیموں نے ابتدا میں سوچا کہ وہ سروس سٹیشن میں روپوش ہو گیا ہوگا لیکن عادل عمیر شمال کو جانیوالی شاہراہ کے عقب میں روڈ ورکس کے قریب سے مل گیا، بچے کا والد بہت پریشان تھا، اسکے والد عمیر رحیم نے بتایا کہ وہ صدمے میں ہیں لیکن جب بچے کی خیریت معلوم ہوئی تو اسے اطمینان ہوا۔ انہوں نے ٹیمز ویلی پولیس ہیلی کاپٹر سروسز، فائر فائٹر ڈپارٹمنٹ، اور سیف اینڈ ریسکیو ڈپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ سپرنٹینڈنٹ  ایمی کلیمنٹس نے کہا کہ چھوٹے بچے کے ملوث ہونے کی بنا پر یہ ایک مشکل آپریشن تھا اور ہمیں انتہائی سکون محسوس ہو رہا ہے کہ عادل محفوظ اور اچھی حالت میں مل گیا، میں یہاں کی مقامی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، جس نے بچے کی گمشدگی کے بعد تلاش میں ہماری مدد کرنے کیلئے اپنی خدمات کی پیشکش کی۔
تازہ ترین