• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آٹابحران خدشے کے پیش نظر اسلام آبادمیں 13فیئر پرائس شاپس قائم

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے وفاقی دارالحکومت میں آٹے کے بحران سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے ،بحران کے خدشے کے پیش نظر اسلام آبادمیں 13 فیئر پرائس شاپس قائم کر دی گئی ہیں۔ اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ملک بھر میں آٹے کے بحران سے متعلق خبروں کے بعد اسلام آباد میں بحران کے سر اٹھانے سے قبل ہی اقدامات کر لیئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ سرکاری نرخوں پر آٹے کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی خصوصی ٹیمیں سرپرائز وزٹ کر رہی ہیں۔اسلام آباد کی حدود میں قائم فلور ملز کو آٹے کی فراہمی برقرار رکھنے سے متعلق واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کوئی بھی فلور مل آٹے کے 500 سے زائد بیگ ذخیرہ نہیں کر سکتی ۔ فلور ملز میں ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے بھی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔شہری افواہوں پر کان نہ دھریں اور ذخیرہ اندوزوں سے متعلق معلومات ضلعی انتظامیہ سے شیئر کریں۔ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ جائیداد کےانتقال کا نظام خود کار کرتے ہوئے نادرا کے ساتھ مل کر رجسٹری ڈیپارٹمنٹ کو اپ ڈیٹ کیا ہے ۔ اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی بار سات ایڈیشنل کلیکٹرز تعینات کئے گئے ہیں یہ ایڈیشنل کلیکٹرز جمع بندی کا فرائض انجام دیں گے ۔ دو سال کے اندر ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو مکمل آن لائن کر لیں گے ، اسلام آباد بار کے اشتراک سے ریونیو آفس کی تشکیل نو کی جائے گی ۔ اسلام آباد کے تمام پٹوارخانوں میں رشوت خوری کی روک تھام کے لئے کیمرے لگا دئیے گئے ہیں اور اپریل تک اسلام آباد میں ای سٹمپنگ نظام نافذ کر دیں گے۔ گزشتہ روز پریس کانفرس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسلام آباد میں فرد دینے سے پہلے گوشوارہ ضرور دیا جائے گا رجسٹری ہونے کے بعد ریونیو ڈیپارٹمنٹ انتقال نہیں کرتا تھا ہم نے انتقال کے نظام کو آٹو میٹک کردیا ہے ۔ رجسٹری کے وقت دونوں فریقین کی تصاویر بنائی جائیں گی ۔ ایک کلک پر ایک سال میں ہونے والی رجسٹریوں کی تفصیل آجائے گی ۔دو سال کے اندر ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو مکمل آن لائن کرلیں گے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو آن لائن کرنے میں 19کروڑ روپے کی لاگت آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی کل زمین سوا دو لاکھ ایکڑ ہے سترہ ہزار ایکڑ سی ڈی اے کے پاس آن لائن ہے سترہ ہزار ایکڑ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے پاس ہے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو بھی زمین آن لائن کرنے کا کہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ اسلام آباد میں پانچ سال بعد سی وی ٹی ٹیکس کی وصولی شروع کردی گئی ہے ضلعی انتظامیہ نے 22 کروڑ پہلے ہی جمع کردیئے ہیں اس سال کے آخر میں 77کروڑ روپے جمع کرنے کا ہدف ہے ۔ محکمہ ریونیو نئے پراجیکٹ پر عمل پیرا ہے ۔پنجاب کی طرز پر اسلام آباد میں بھی اسٹام پیپرز کو جدید اصلاحات پر کمپوٹرائزڈ کیا جائے گا ،موبائل ایپ کے ذریعے تمام پٹوار خانوں کی نگرانی کی جائے گی ۔اسلام آباد میں رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کو تحفظ فراہم کرنے کی جانب گامزن ہیں ۔
تازہ ترین