• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہوش کے ناخن نہ لئے گئے تو دنیا بڑی تباہی سے دوچار ہو گی‘ مقررین

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) امریکی جارحیت کیخلاف ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے اتوار کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے متعدد مذہبی تنظیموں کے مقررین نے امریکہ اور اسکے حواریوں کو استعمار قرار دیتے ہوئے امہ کو متحد ہو کر ان کا مقابلہ کرنے پر زور دیا۔ مقررین نے کہا کہ استعمار ایک ایک کرکے مسلم ممالک کے وسائل پر قبضہ کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں کے عوام کی جان و مال پر حملے کر رہا ہے۔ اگر اب بھی ہوش کے ناخن نہ لئے گئے تو دنیا بڑی تباہی سے دوچار ہو جائیگی۔ مقدس مقامات کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنائیں گے- عراق کے شہر بغداد میں امریکی جارحیت اور دہشت گردی کیخلاف دارالحکومت اسلام آباد میں آبپارہ تا امریکن ایمبیسی احتجاجی مارچ میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی راہنما علامہ فرحت عباس جوادی، علامہ سید وزیر حسین کاظمی، علامہ غلام قاسم جعفری ڈویژنل صدر راولپنڈی، علامہ کوثر عباس حیدری قمی ضلعی صدر راولپنڈی، نیئر اقبال ضلعی صدر اسلام آباد، تصور عباس، اکبر حسین ڈویژنل صدر جے ایس او راولپنڈی/اسلام آبادو دیگر رہنمائوں کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی- نمائندہ شخصیات اور عوام نے شہید جنرل قاسم سلیمانی، شہید ابومہدی المہندس و دیگر شہداء کے ساتھ تجدید عہد اور والہانہ خراج عقیدت پیش کیا گیا- ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی اور امریکی جارحیت کیخلاف ریلی پرامن رہی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں مردہ باد امریکہ کے پلے کارڈز اور شہید جنرل قاسم سلیمانی، شہید ابومہدی المہندس کے حق میں کتبے اور پینا فلیکس اٹھا رکھے تھے۔ مقررین نے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایسا استعمار جسے بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق تو کجا اپنے ملک کے قوانین کا بھی کوئی لحاظ نہیں۔ پاکستان کو انتہائی سنجیدگی کی ضرورت ہے، پاکستان کو خارجہ امور خصوصاً خطے کی صورتحال کو مدنظر رکھنا چاہئے، ایران نے مشکل ترین وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، ہمیں بھی بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ احتجاجی مظاہرے کے بعد امریکی سفیر کو ایک یادداشت بھیجی گئی جس میں پاکستانی عوام کے دلی جذبات امر یکی صدر تک پہچانے کیلئے کہا گیا۔ دریں اثناء اتحاد امت فورم کے زیراہتمام اتوار کو آبپارہ چوک سے ”امریکہ مردہ باد“ ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ مخالف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے امریکہ، اسرائیل اور بھارت کیخلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت کے شیطانی ٹرائیکا نے پوری دنیا کے امن کو دائو پر لگا رکھا ہے۔ مسلم ممالک کو اگر اپنی سالمیت اور بقاء عزیز ہے تو انہیں چاہئے کہ امریکہ سمیت کسی بھی ملک کو اپنے داخلی معاملات میں مداخلت کی قطعاً اجازت نہ دیں۔ امریکی دوستی پر اترانے والے امریکہ کے ماضی کے کردار کو سامنے رکھیں جس نے ہمیشہ آستین کا سانپ بن کر مسلمانوں کو ہمیشہ نقصان پہنچایا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔ وزیر خارجہ نے قومی وقار پر امریکی ترجیحات کو مقدم رکھا۔ وزیر خارجہ کو وائٹ ہاوس کی ترجمانی زیب نہیں دیتی‘ انہیں اپنے عہدے سے فی الفور الگ ہو جانا چاہئے۔ حکمرانوں نے اپنے پڑوسی برادر اسلامی ملک کی فوج کے سربراہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار نہ کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ انکی خارجہ پالیسی آزاد نہیں ہے بلکہ امریکہ کے تابع ہے۔ شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ عباس قمی نے کہا کہ امریکہ ایک بار پھر پاکستان کو ایک نئی پراکسی وار میں دھکیلنے کیلئے پر تول رہا ہے۔ امامیہ آرگنائزیشن کے رہنما اسد اللہ نے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کس ایک فرقے کے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے عظیم مجاہد تھے۔ آئی ایس او کے رہنما زاہد مہدوی نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں مسلمانوں کے مقابلے میں باطل قوتیں یکجا ہو رہی ہے۔ ریلی سے تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے رہنما علامہ تنویر حسین جعفری، آئی ڈی سی کے مرکزی رہنما فدا حسین، انجمن جانثاران اہلبیت کے رہنما زاہد حسین جعفری سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین