• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینٹ کی سڑکیں شدید خستہ حال، سفر دشوار، حکام بے خبر

راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے ) کینٹ کی بعض سڑکیں حکام کی عدم توجہ کے باعث خستہ حالی کا شکار ہیں ، یہ سڑکیں نہ صرف جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں بلکہ بعض مقامات پر پانی بھی کھڑا ہے مگر ان کی مرمت کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جا رہا ہے شاید کمیشن مافیا ان کے ٹوٹنے کا مزید انتظار کر رہا ہے تاکہ ان کی دوبارہ تعمیر ہو سکے حالانکہ بعض سڑکیں پیچ ورک اور مرمت سے بہتر ہو سکتی ہیں ، شہریوں نے ڈائریکٹر جنرل ایم ایل اینڈ سی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ، ہارلے سٹریٹ کی مین سڑک اور اس کی ملحقہ سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہیں ، ڈھوک سیداں روڈ شروع میں آخر میں ٹوٹ رہی ہے مگر اس طرف کینٹ بورڈ حکام نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے ، عوام کے ٹیکسوں سے جمع ہونے والا پیسہ جو سالانہ کروڑوں روپے جمع ہوتا ہے چند لاکھ روپے سے ان روڈز کی مرمت ہو سکتی ہے ، رینج روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہے اور بعض مقامات پر پانی جمع ہے حالانکہ اس روڈ پر بڑے بڑے پلازے بنے ہوئے ہیں ، اس روڈ کو بھی بنے زیادہ دیر نہیں ہوئی ہے مگر یہ خستہ حالی کا شکار ہو گئی ہے مگر ذمہ داران کیخلاف کوئی اقدام نہیں اٹھایا جاسکا ہے ، چاکرہ کی طرف جانے والی سڑک بھی جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہے ، روڈ پر گڑھے پڑ چکے ہیں مگر ان کی مرمت اور پیج ورک کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جا رہا ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ ان سے باقاعدگی سے ہائوس ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے مگر ان کے گھروں کے باہر سڑکیں شکستہ حالی کا شکا ر ہیں ، انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ایم ایل اینڈ سی کی توجہ ان سڑکوں کی خستہ حالی کی طرف دلاتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ ان سڑکوں کے جائزہ کیلئے غیرجانبدار افسران پر ایک کمیٹی تشکیل دی تاکہ ذمہ داران کیخلاف محکمانہ کارروائی ہو سکے ۔
تازہ ترین