• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے عوام پر ظلم ڈھانے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے،ساجدمیر

لاہور ( وقائع نگار خصوصی )جماعت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ ساجد میر نے کہا ہے کہ ریاستیں جادو ٹونے سے نہیں چلتیں۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے حکومت نے عوام پر ظلم ڈھانے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹر حافظ عبدالکریم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کا اہتمام ناظم ذیلی تنظیمات ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کیا تھا۔ ناظم اعلیٰ حافظ عبدالکریم نے اپنے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر ناظم ذیلی تنظیمات ڈاکٹر عبدالغفور راشد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اعزاز جماعت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات دن بہ دن مضبوط ہو رہے ہیں دونوں ممالک نظریاتی اور ثقافتی اقدار میں بندھے ہوئے ہیں۔ ناظم اعلیٰ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ سعودی عرب تمام مسلمانوں کی وحدت کا مرکز ہے۔ حرمین شریفین کی وجہ سے اس کی حرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔تحفظ حرمین شریفین کے لیے ہم ہر قسم کی قربانی دیں گے۔ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی ہر محاذ پر مدد کی ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ تقریب میں حافظ ابتسام الٰہی ظہیر‘ مولانا نعیم بٹ‘ حافظ عبدالستار حامد‘ ڈاکٹر محمد حماد لکھوی‘ ڈاکٹر عبدالغفور راشد‘ مفتی مبشر احمد ربانی‘ علامہ ریاض الرحمن یزدانی‘ حافظ محمد شریف‘ حافظ مسعود عالم‘ ڈاکٹر ابراہیم مراد ‘ مولانا شریف اللہ شاہد‘ چوہدری محمد اسحاق‘ قاری صہیب میر محمدی‘ حاجی عبدالرزاق‘ حافظ معتصم الٰہی ظہیر‘ حافظ ہشام الٰہی ظہیر‘ محمد علی یزدانی‘ ملک محمد سلیمان منگلہ ودیگر شریک تھے۔
تازہ ترین