• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اصل ٹارگٹ بزدار نہیں عمران ہے، تنقید کا مقصد وزیراعظم کو دباؤ میں لانا ہے، تحریک انصاف

اصل ٹارگٹ بزدار نہیں عمران ہے، تنقید کا مقصد وزیراعظم کو دباؤ میں لانا ہے، تحریک انصاف


سیالکوٹ‘پنڈی(ایجنسیاں)تحریک انصاف نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی آڑمیں عمران خان کو ہدف بنایاجارہاہے ‘اصل ٹارگٹ عثمان بزدار نہیں بلکہ عمران خان ہیں ‘بزدارپر تنقید کا مقصد عمران خان کو دباؤمیں لاناہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار محنتی، ملنسار اور درویش صفت انسان ہیں جبکہ وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سازشی عناصرسن لیں عثمان بزدار پانچ برس تک وزیراعلی پنجاب رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار محنتی، ملنسار اور درویش صفت انسان ہیں‘ انہیں ٹارگٹ کرنے والے عمران خان کو ٹارگٹ کر رہے ہیں‘اصل ہدف بزدار نہیں عمران خان ہیں ‘کچھ لوگ پنجاب میں مولا جٹ اور نوری نتھ کے عادی ہیں، عوام نے پنجاب میں حکمرانوں کی شکل میں سیاسی اداکار دیکھے ہیں۔ 

ادھر راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھاکہ سازشوں کے جال بننے والے ایک کان بند کر کے سن لیںکہ عثمان بزدار پانچ برس تک وزیراعلی پنجاب رہیں گے۔

عثمان بزار کی قیادت میں صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔اگروہ بزدار حکومت کے ترقیاتی کاموں کی تفصیل بیان کرنا شروع کردیں تو بات تین گھنٹے میں بھی مکمل نہ ہو۔

کابینہ کے حکومتی بینچوں کے سو فیصد اراکین کی وزیراعلی پنجاب کو حمایت حاصل ہے۔وزیراعلی عثمان بزدار بولنے نہیں بلکہ کام کرنے کے عادی ہیں، ڈیڑھ سال سے وزیراعلی پنجاب کو تنقید کا نشانہ بنایاجاتا رہا ہے، وہ وزیر اعلی ہاؤس کے اخراجات میں 60 فیصد کمی لائے‘اب جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی سے متعلق کوئی شکوہ سنائی نہیں دیتا۔

فیاض چوہان نے کہا کہ فواد چوہدری بھائی ہیں لیکن کبھی کبھی وہ جذبات میں کہہ جاتے ہیں، میرا تعلق راولپنڈی سے ہے اور میں اسلام آباد کا ہمسایہ ہوں، اس لئے جو بات کروں گا وہ مستند ہوگی۔

وزیراعلی عثمان بزدار اپنی 5 سالہ مدت مکمل کریں گے، کل وزیر اعظم نے اجلاس میں عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا، مخالفین عثمان بزدار پر تنقید کرنے کے علاوہ کچھ اورسوچیں۔

تازہ ترین