• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

FATFمشترکہ گروپ اجلاس کل بیجنگ میں ، پاکستان اپنے موقف کا دفاع کریگا

FATFمشترکہ گروپ اجلاس، پاکستان اپنے موقف کا دفاع کریگا


اسلام آباد ( کامرس رپورٹر )ایف اے ٹی ایف مشترکہ گروپ کا اجلاس 21جنوری سے 23جنوری تک چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہوگا جس میں پاکستان کی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے 27نکات پر عملدرآمد سے متعلق جمع کرائی گئی رپورٹ اور کارکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا جائےگا۔

پاکستان اپنے موقف کا دفاع کریگا،ایف اے ٹی ایف مشترکہ گروپ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر پاکستانی وفد کی قیادت کرینگے ، حماد اظہر رات گئے بیجنگ روانہ ہوگئے۔

پاکستان کیساتھ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اہم مذاکرات 21جنوری منگل سے شروع ہونگے جس میں پاکستانی ٹیم ایف اے ٹی ایف کے تمام نکات پر عملدرآمد سے متعلق اپنا موقف پیش کریگی اور بھر پور دفاع کریگی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان 8جنوری کو ایف اے ٹی ایف کے سوالنامے کا تفصیلی جوابات پر مبنی رپورٹ جمع کرا چکا ہے، اس رپورٹ کی روشنی میں پاکستان سے متعلق فروری میں پیرس میں ہونیوالے اجلاس میں فیصلہ کیا جائیگا۔

ذرائع کےمطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنےکیلئے پاکستان کی رپورٹ میں ایکشن پلان کے 27نکات کا تفصیل سے احاطہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں انسداد منی لانڈرنگ ، فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ سمیت قانون سازی سے متعلق دستاویزات ، غیر منافع بخش تنظیموں اور دہشتگردوں تک مالیاتی رسائی کی روک تھام سے متعلق کیےگئے اقدامات شامل ہیں۔

پاکستان 27نکات میں سے پانچ پر پہلے ہی مکمل عملدرآمد کر چکا ہے جس پر ایف اے ٹی ایف نے گزشتہ اجلاس میں اطمینان کا اظہار کیا تھا جبکہ جزوی عملدرآمد کے حامل 17اور عملدرآمد نہ ہونیوالے پانچ نکات پر ہونیوالی پیشرفت سے ایف اےٹی ایف کو آگاہ کریگا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو توقع ہےکہ اس کی طرف سے کیے گئے اقدامات کے باعث گرے لسٹ سے نکل جائیگا یا زیادہ سے زیادہ جون 2020تک مزید وقت دیا جا سکتا ہے، پاکستان کو بلیک لسٹ میں جانے سے بچنے کیلئے ایف اے ٹی ایف کے 39ممبرز میں سے تین ممبرز کی حمایت درکار ہوگی۔

پہلے بھی پاکستان کو چین ، ترکی ، ملائیشیا ، سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کی حمایت حاصل رہی اور اس مرتبہ بھی توقع ہے کہ ان ممالک کیساتھ ساتھ دیگر ممالک بھی پاکستان کی حمایت کرینگے۔

تازہ ترین