• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل واڈا کے طرز عمل سے اقوام عالم کو اچھا پیغام نہیں گیا، پرویز اقبال

برسلز (عظیم ڈار) پاکستان مسلم لیگ ن بلجیم کے صدر حاجی پرویز اقبال نے کہا ہے کہ فیصل واڈا کے طرز عمل سے اقوام عالم کو اچھا پیغام نہیں دیا گیا، حکومت نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ اپوزیشن سے آرمی ایکٹ بل میں ترمیم کی حمایت افواج پاکستان نے گن پوائنٹ پر کروائی ہے جبکہ حکومت کسی بھی طور پر نہیں چاہتی تھی کہ اپوزیشن آرمی ایکٹ کے ترمیمی بل پر فوج کی حمایت کرے، تاکہ عمران خان فوج کو یہ پیغام دے سکیں کہ ان کی حکومت ہی افواج پاکستان کے حق میں ہے۔ حاجی پرویز اقبال نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی کامیاب حکمت عملی پر حکومت نے حواس باختہ ہو کر دنیا کے سامنے اپنے ہی فوجی بوٹ کا جنازہ نکال ڈالا اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ اپوزیشن آرمی ایکٹ بل میں ترمیم کی حمایت افواج پاکستان نے گن پوائنٹ پر کروائی ہے۔ فیصل واڈا کے اس طرز عمل سے اقوام عالم کو یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستان میں جو کچھ ہوتا ہے پاک فوج کی مرضی سے ہوتا ہے۔ حکومت نے فیصل واڈا کے ذریعے اپنے ہی احسان مندوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس نالائق حکومت نے فوج کو اس مقام پر پہنچا دیا ہے کہ بوٹ فوج کی علامت کے طور پر استعمال ہو رہا ہے اور سیاستدانوں کے پاس بندوق، توپ یا لڑاکا طیارے نہیں ہوتے بلکہ ان کے پاس سیاسی بصیرت، دور اندیشی، مصلحت کوشی، تدبر، فہم و فراست، معاملہ فہمی جیسی صلاحتیں ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے موجودہ حالات میں دستیاب وسائل و اسباب کے حساب سے اپنی سیاسی بصیرت اور حکمت عملی کے تحت جو کچھ حاصل کر لیا ہے وہ بہت زیادہ ہے، جس کے لئے وہ ستائش کے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا ترمیم کے حق میں ووٹ دینا سول بالا دستی اور ووٹ کو عزت دینے ہی کے مترادف ہے۔ میاں محمد نواز شریف نے اصول سے انحراف نہیں کیا انھوں نے حالات کے مطابق حکمت عملی اور تدبیر میں تبدیلی کی ہے۔
تازہ ترین