• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبدیلی سرکار کو عام آدمی کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، الطاف شاہد

لندن (پ ر) پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدرچوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار کو عام آدمی اور اس کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ لگتا ہے حکمران پچھلے ڈیڑھ برس سے پکنک منا رہے ہیں۔ جہاں حکمرانوں کی انتقامی سوچ ہو وہاں بدانتظامی کا دور دورہ ہوتا ہے۔ عوام مہنگائی کے بوجھ تلے پس رہے ہیں، حکمران عام آدمی کے کندھوں سے مسائل کا بوجھ اتارنے کیلئے تیار نہیں۔ پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفیٰ کمال کسی نازک مرحلے میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پی ایس پی کے قائدین اور کارکنان ہو شربا مہنگائی اور آٹا بحران کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔ زرعی پاکستان میں آٹا بحران پر حکمرانوں کے سوا ہر کوئی پریشان ہے۔ مرکز میں پی ٹی آئی جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی نااہل حکومت نے آٹا قلت اور اس کی زائد قیمت کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈال دیا۔ عوام سے آٹا چھین کر متعدد شہروں میں نام نہاد لنگر خانے کھولنا ایک بھونڈا مذاق ہے۔ وہ مقامی ہوٹل میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سینئر نائب صدر مرزا فیصل محمود، سابق جنرل سیکرٹری غلام نبی عامر، جوائنٹ سیکرٹری عمران خان نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔ چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ عمران خان کے اقتدارمیں آنے سے ملک میں متعدد بحران پیدا ہوئے اور سیاسی انتقام کی انتہا ہوگئی۔ کیا نااہل اہلکاروں کو معطل کرنے والے حکمران خود اہل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران سیاسی سوجھ بوجھ سے عاری اور انتظامی صلاحیت سے نابلد ہیں۔
تازہ ترین