• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی، پیرامیڈیکل اسٹاف کا احتجاج مؤخر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سند ھ کے پیرا میڈیکل اسٹاف نے سیکریٹری صحت کی یقین دہانی پر احتجاج موخر کردیا۔ سیکرٹری صحت سندھ زاہد عباسی نے احتجاجی مظاہرین سے مذاکرات کیے اور مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد پیرامیڈیکل اسٹاف نے احتجاج موخر کر دیا۔ پیرا میڈیکل اسٹاف ایکشن کمیٹی کے رہنما غازی ابڑو کا کہنا تھا کہ سیکرٹری صحت نے کہا ہے کہ سمری پر دستخط کردئیے گئے ہیں، منظوری کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائیگا، سیکرٹری صحت کی یقین دہانی پر احتجاج 28 جنوری تک موخر کردیا گیا ہے، اور 22 جنوری کو وزیراعلی ہاؤس کی جانب مارچ کرنے کا منصوبہ بھی منسوخ کردیا ہے۔ منگل سے اسپتالوں میں ڈیوٹی پر ہونگے اور اسپتالوں میں او پی ڈی کی دو گھنٹے کی علامتی ہڑتال کرینگے ۔ جس کا دورانیہ صبح 8 سے 10 بجے تک کا ہوگا، انکا کہنا تھا کہ اگر 28 جنوری تک نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا تو 29 جنوری کو دوبارہ کراچی پریس کلب پر سراپا احتجاج ہونگے۔دریں اثنا پیر کو صوبے بھر کے پیرامیڈیکل اسٹاف کے احتجاج کی وجہ سے مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور اسپتالوںمیں دی جانے والی صحت کی سہولیات متاثر ہوئیں ۔ پریس کلب کے باہر دھرنا دیتے مظاہرین نے بینرزاور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے اس موقع پر مظاہرین سے اظہار یکجہتی کےلئےجمعیت علماء اسلام کے رہنماء قاری محمد عثمان نے بھی کیمپ کا دورہ کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سروس اسٹرکچر بحال کیا جائے، ہیلتھ الاؤنس30 فی صد ادا کیا جائے، ویکسی نیٹرز کو مستقل کیا جائے اور ریکوری لیٹر منسوخ کیا جائے۔ 

تازہ ترین