• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سلیکشن کمیٹی کی مستقبل پر نظر، ثناء میر ٹی20ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم سے باہر

میگا ایونٹ کیلیے اسکواڈ کی تشکیل آسان مرحلہ نہیں تھا، عروج ممتاز


 کراچی (اسٹاف رپورٹر) عروج ممتاز کی سربراہی میں خواتین سلیکشن کمیٹی نے اہم ترین فیصلہ کرتے ہوئے سابق کپتان اور دنیا کی صف اول کی اسپنر ثناء میر کو آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے منتخب 15رکنی ٹیم سے ڈراپ کردیا ہے۔ایونٹ 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔ منتخب کردہ قومی خواتین اسکواڈ کی اوسط عمر 24.8ہے جو مستقبل کے حوالے سے سلیکٹرز کی سوچ اور منصوبہ بندی کی مکمل عکاسی کرتی ہے۔ ثناء میر نے نجی وجوہ کی بناء پر ملائشیا میں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شرکت نہیں کی تھی ، وہ قومی ٹرائنگولر ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا پائی تھیں۔ پیر کو عروج ممتاز نے کہا کہ اسکواڈ کا انتخاب انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں خواتین کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعدکیا گیا ہے۔ چیئر آف نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کیلیے اسکواڈ کی تشکیل آسان مرحلہ نہیں تھا۔ اسکواڈ کا انتخاب کھلاڑیوں کی بین الاقومی اور قومی کرکٹ میں حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ڈراپ ہونے والی کرکٹرز دلبرداشتہ ہونے کی بجائے مزید محنت کرکے ایک بار پھر واپس آسکتی ہیں۔ امید ہے15 سالہ عائشہ نسیم کا انتخاب دیگر نوجوان کرکٹرز کے لیے حوصلے کا سبب بنے گا۔ عروج ممتازنے کہا کہ سلیکٹرز نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے لے کر اب تک قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی مستقل رکن اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرکٹرز کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف منتخب کردہ اسکواڈ میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔ ناہیدہ خان، رامین شمیم اور عائشہ ظفر کی جگہ منیبہ علی، عائشہ نسیم اور ایمن انور کو15 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تین رکنی سلیکشن کمیٹی کے دیگر اراکین میں مرینہ اقبال اور اسماویہ اقبال شامل ہیں۔ پندرہ رکنی ٹیم میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے31جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایونٹ سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف تین وارم اپ میچز 7، 9اور 11فروری کو کھیلے گی تاہم روانگی سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا آٹھ روزہ تربیتی کیمپ 23سے 30جنوری تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں جاری رہے گا۔ منیبہ علی نے آخری مرتبہ نومبر2018 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ بائیں ہاتھ کی بیٹر نے حالیہ قومی ٹی ٹوئنٹی ویمنز ٹورنامنٹ کی 5اننگز میں 58 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 292 رنز بنائے۔ ایونٹ میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں اسکور کرنے والی منیبہ علی کو ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کی بنیادپر قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ جارحانہ مزاج عائشہ نسیم کو ٹاپ آرڈر میں ہارڈ ہٹنگ کی بنیاد پر قومی خواتین اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی دائیں ہاتھ کی بیٹر نے حالیہ ٹورنامنٹ میں 206کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 64رنز اسکور کیے۔ میڈیم فاسٹ بولر ایمن انور نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے پانچ میچوں میں 7.68 کی اوسط سے 4وکٹیں حاصل کیں۔ ایمن انور کی خصوصیت میچ کے دوران نئی گیند سے بولنگ کرنا ہے۔ دائیں ہاتھ کی بولر نے آخری مرتبہ فروری 2019 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ۔ آفیشلز میں سید اقبال امام (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (بولنگ کوچ)، عامر اقبال (فیلڈنگ کوچ)، جمال حسین ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، ڈاکٹر رفعت اصغر گل (فزیو)، عائشہ جلیل (منیجر) اور زبیر احمد (اینالسٹ) شامل ہیں۔

تازہ ترین