• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گراؤنڈ میں اتر کر توجہ سیکورٹی نہیں کھیل پر ہوگی، بنگلہ دیش کرکٹ کوچ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کوچ رسل ڈومنگو نے کہا ہے کہ بھارت کو ایک ٹی 20 میچ میں ہرایا تھا۔ پاکستان کو بھی ہراسکتے ہیں۔ بدقسمتی سے کچھ کوچز نے پاکستان جانے سے منع کردیا تھا، مجھے پاکستان جانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ پیرکوانٹرویو میں انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ میں جائیں گے تو تمام تر توجہ سیکیورٹی سے ہٹ کر کھیل پر ہوگی، میں پورے اعتماد کے ساتھ پہلی بار پاکستان جاؤں گا، پاکستان ٹی 20 کی نمبر ایک ٹیم ہے، اچھا کھیلے تو ہراسکتے ہیں۔سابق کپتان مشفیق الرحیم کا پاکستان نہ جانے کا فیصلہ ذاتی نوعیت کا ہے، وہ جاتے تو بنگلہ دیش کی ٹیم اور اچھا کھیل پیش کرتی۔ رسل ڈومنگو نے کہا کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی واپسی سے پاکستانی ٹیم مضبوط ہوئی ہوگی، حیران ہوں کہ ان فارم محمد عامر کو پاکستان ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔ ادھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ ٹی20 سیریز میں فیورٹ پاکستان کو کہہ سکتے ہیں نہ بنگلہ دیش کو ، ہم اس فارمیٹ میں لگاتار میچ ہارے ہیں۔ مسلسل ناکامیوںکی وجہ سے کارکردگی متاثر ہورہی ہے، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔محمد رضوان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، سرفراز کی پرفارمنس کا پی ایس ایل کے بعد جائزہ لیں گے۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کی تیارہی ہورہی ہے، ہمیں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کارکردگی بہتر کرنا اور اچھی کرکٹ کھیلناہوگی۔

تازہ ترین