کراچی، لاہور،اسلام آباد (نیٹ نیوز،نمائندہ جنگ،اےپی پی)کراچی میں کل سے سائبیرین ہوائیں چلنے کاامکان جبکہ گزشتہ روز کراچی سمیت بیشتر شہروں میں سردی کی شدت میں کمی محسوس کی گئی، اسکردو میں پارہ منفی 20، قلات منفی 5، کوئٹہ منفی 3اور کراچی میں 9.2ریکارڈ کیاگیا جبکہ آئندہ 48 گھنٹوں میں بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تفصیلات کےمطابق محکمہ موسمیات کاکہناہےکہ پیر کی صبح شہر کا مطلع صبح کے وقت ابر آلود جبکہ دوپہر کو جزوی ابر آلود ہونے کے سبب ہواؤں میں خنکی رہی، ابر آلود موسم کی وجہ سے صبح کے وقت دھند بھی چھائی رہی جس کی وجہ سے حد نگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہو کر 3 کلومیٹر رہ گئی تھی، پیر کو شہرکا کم سے کم درجہ حرارت 9.2ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ پیر کو صبح ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد جبکہ شام میں 29 فیصد ریکارڈ ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کی شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہوائیں اتوار کے مقابلے میں کم رہیں، ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 12 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق منگل کو کم سے کم درجہ حرارت 9سے 11 جبکہ زیادہ سے زیادہ 24 سے 26 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے جب کہ بدھ کو شہر میں دوبارہ تند و تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ سکتی ہے۔ترجمان کے مطابق محکمہ موسمیات معمول سے تیز ہواؤں کا سبب اتوار کی رات گئے بلوچستان میں داخل ہونے والا نیا اور قدرے کمزور مغربی سلسلہ ہے، جس کی و جہ سے شمالی بلوچستان میں برف باری اور کوئٹہ میں پیر کو بارش ہوچکی ہے اور اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کی فضاوں پر اثرانداز ہوسکتا ہے تاہم کراچی میں اگلے 3 سے 4روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ،قلعہ عبداللہ،پشین ،نوشکی ،ژوب ،قلعہ سیف اللہ،چاغی اور چمن میں چند مقامات پر بارش اور برف باری کا امکان ہے جبکہ دیگر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ ادھر لاہور سمیت پنجاب کےکئی شہروں کو دھند نے لپیٹ میں لے لیا جبکہ سردی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔شدید دھند میں حدنگاہ کم ہونے پرگزشتہ روز موٹروے ایم ٹو لاہور سے خانقاہ ڈوگراں، ایم تھری لاہور سے درخانہ اور ایم فور گوجرہ سے شام کوٹ تک بند کر دی گئی، دھند کی وجہ سے قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی سست روی کا شکار رہی۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں پہاڑوں پر برفباری،بالائی، وسطی مغربی علاقوں مطلع ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔