• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈسٹرکٹ سکروٹنی کمیٹیوں کو پندرہ دنوں میںفعال کیا جائے‘ اکبر ایوب

پشاور ( نیوزڈیسک )خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے ڈسٹرکٹ اسکروٹنی کمیٹیوں کو پندرہ(15) دنوں کے اندر اندر فعال کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کمیٹیاں جلد از جلد اپنے متعلقہ اضلاع میں کام شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی پرائیویٹ سکولوں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کو ریگولیٹ کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ تمام پرائیویٹ سکولز ان کے ساتھ تعاؤن کریں تاکہ طلباء اور والدین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو سکیں جہاں پر پرائیویٹ سکولوں کے متعلق معاملات ہوں گے وہاں پر پرائیویٹ سکولز ایجوکیشن نیٹ ورک (PEN)کو بھی بورڈز میں قانونی نمائندگی دی جائے گی اسی طرح جہاں پر اصلاحات کا معاملہ ہوگا وہاں پر پرائیویٹ اور پبلک دونوں سیکٹرز کو قانون کے مطابق نمائندگی حاصل ہوگی۔ وہ پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن ظریف المانی، ڈائریکٹر ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم، ایم ڈی پی ایس آر اے تاشفین حیدر، ایم ڈی ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن عرفان اللہ خان، صدر سلیم خان، نائب صدر فضل اللہ داؤدزی، جنرل سیکرٹری انس تکریم، امجد علی شاہ، شوکت محمود اور پرائیویٹ سکولز ایجوکیشن نیٹ ورک کے دوسرے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پرائیوٹ سکولز ایجوکیشن نیٹ ورک کے عہدیداران نے مطالبہ کیا کہ غیر سرکاری تنظیمیں جو کہ ایجوکیشن سیکٹر کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہیں ان میں پرائیویٹ سکولوں کو بھی حصہ دیا جائے جس کی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم نے یقین دہانی کرائی۔ وزیرتعلیم اکبر ایوب خان نے پی ای این کے ساتھ ریگولر بنیادوں پر میٹنگز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن، پی ایس آر اے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے تعلیم کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے حوالے سے اکبر ایوب خان نے کہا کہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے جن جن ملازمین کی تنخواہ بند ہے ان کی تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ فوراً محکمہ خزانہ کے ساتھ زیر بحث لایا جائے تاکہ ان کو ادائیگی ہو سکے۔
تازہ ترین