• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میگزین ڈیسک

سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی کھانا کھانے اور پکانے کا مزا شروع ہوجا تا ہے، ویسے بھی اس موسم میں سبزیاں بڑی ترو تازہ آتی ہیں جو نہ صرف کھانے میں لذیذ ہوتی ہیں بلکہ دیکھنے میں بھی آنکھوں کو اچھی لگتی ہیں۔یہ تو موسم ہی ہے سبزیاں کھانے کا جو ہماری صحت کا ضامن بھی ہے۔اسی لیے آج ہم آپ کو ایسے کھانوں کی تراکیب بتا رہےہیں جن میں مختلف سبزیاں شامل ہیں۔

ویجیٹیبل چکن مِکس

اجزاء :بون لیس چکن آدھا کلو ( چھوٹے چھوٹےٹکروں میں کاٹ لیں ) بند گوبھی ایک پاؤ باریک کٹی ہوئی ،گاجر چار عدد ،شملہ مرچ چھ عدد ،ہری مرچیں تین عدد ۔ان سب کو باریک باریک کاٹ کر تھوڑی دیر اُبال لیں ۔ہری پیا زدو عدد ،لہسن کے جوئے دو عدد باریک کاٹ لیں ،کارن فلور چھ کھانے کے چمچے ،چلی ساس چار کھانے کے چمچے ،سویا ساس چار کھانے کے چمچے، چینی ایک کھانے کا چمچہ ،کالی مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ ،سفید مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ ،ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ ،تیل اور نمک ایک چائے کا چمچہ۔

ترکیب :چکن میں دو چمچے چلی ساس ، دو چمچے سویا ساس دوچمچے کارن فلور، سفید مرچ اور نمک ملا کر پندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ اب تیل گرم کرکے لہسن فرائی کریں ، لہسن سفید رہے سرخ نہ ہو ، اب اس میں چکن ڈال کر اُس وقت تک فرائی کریں کہ چکن کا پانی سوکھ جائے اور چکن گل جائے ، اب چکن میں شملہ مرچ ، گاجر ، ہری مرچ ڈال کر کچھ دیر فرائی کرکے اُتار لیں ۔ 

اب ایک دوسرے پین میں باقی بچا ہوا کارن فلور ، چلی ساس ، سویا ساس ، کالی مرچ ، اور چینی ایک گلاس پانی میں مکس کر کے گاڑھا ہونے تک پکائیں اب یہ آمیزہ چکن میں ڈال کر ساتھ ہری پیاز اور بند گوبھی بھی ڈال دیں اور تھوڑی دیر پکائیں چکن ویجیٹیل مکس تیار ہے ، اُبلے ہوئے چاول سے گرم گرم نوش فرمائیں ۔

سبزی بریانی

اجزا:آلو تین عدد،گاجر دو عدد،پھول گوبھی ایک عدد،سیم کی پھلی آدھا پاؤ،مٹر ایک پاؤ،درمیانے سائز کی پیاز دوعدد،پکانے کاتیل ڈیڑھ پیالی،دہی آدھی پیالی،پسا ہوا ادرک لہسن ایک کھانے کا چمچہ،لیموں دو عدد،چاول ایک کلو،گرم مسالہ حسبِ ضرورت،اُبلے ہوئے انڈے دو عدد،نمک حسبِ ذائقہ۔

ترکیب:سب سے پہلے آلو درمیانے سائز کے چپس کی طرح کاٹ لیں اور نمک کے پانی میں بھگو دیں۔ گاجروں کو گول کاٹ لیں اور گوبھی سے اس کا پھول الگ کرلیں۔سیم کی پھلی کے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔سب سبزیوں کو الگ الگ تَل کر ایک برتن میں رکھتے جائیں۔

پھر ایک دیگچی میں تیل ڈال کر پیاز براؤن کرلیں جب پیاز براؤن ہو جائے تو آدھی مقدار پیاز نکال کر کسی اخبار پر پھیلا دیں۔

باقی پیاز میں دہی، ادرک لہسن،تلی ہوئی سبزیاں اور گرم مسالہ ڈال دیں، اوپر سے لیموں کا رس نکال کر ڈال دیں۔اس کے بعد دوسری دیگچی میں چاول اُبال لیں ساتھ میں گرم مسالہ بھی ڈال دیں۔جب تین کنی چاول اُبل جائیں تو چھان لیں۔دیگچی میں آدھے چاولوں کی تہہ بچھائیں اس پر تلی ہوئی سبزیاں ڈال دیں۔پھر باقی چاولوں پر انڈے باریک کاٹ کر اوپر ڈال دیںساتھ میں براؤن پیاز بھی ڈال کر دم پر رکھ دیں۔مزیدار سبزیوں کی بریانی تیار ہے۔

دال اور سبزی کے کٹلس

اجزاء:مونگ کی دال ایک پیالی،آلو دو عدد درمیانے ،گاجر ایک عدد،نمک حسب ذائقہ،پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ،ہلدی آدھا چائے کا چمچہ،ہری مرچیں دو سے تین عدد،پودینا آدھی گٹھی،ڈبل روٹی کا چورا حسب ضرورت،انڈے دوعدد،پکانے کاتیل حسب ضرورت۔

ترکیب:دال کو دھو کر دس منٹ کے لئے بھگو کر رکھ دیں، آلوؤں کو اُبال کر چھیل لیں اور گاجر کو چھیل کر کش کرلیں۔ پودینا اور ہری مرچوں کو دھو کر باریک کاٹ لیں۔ کش کی ہوئی گاجر کو پھیلے ہوئے فرائنگ پین میں ڈال کر چولہے پر رکھیں اور درمیانی آنچ پر اس کا اپنا پانی خشک کرلیں۔ چولہے سے اتار کر اچھی طرح ٹھنڈا کرلیں۔ دال کو ابالنے رکھیں اور ابال آنے پر اس میں ہلدی اور لال مرچیں ڈال کر درمیانی آنچ پر اتنی دیر ابالیں کہ دال گل جائے لیکن کھلی کھلی رہے۔ 

دال کو ٹھنڈی کرکے آلوؤں کے ساتھ میش کرلیں اور اس میں گاجر، نمک، ہری مرچیں اور پودینا ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور اس مکسچر کو حلوے کی طرح ٹرے میں لگادیں۔ دس سے پندرہ منٹ رکھنے کے بعد اس کے چوکور ٹکڑے کاٹ لیں۔ فرائنگ پین میں کوکنگ آئل کو درمیانی آنچ پر گرم کریں اور ان کٹلٹس کو پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈبوئیں پھر ڈبل روٹی کے چورا لگا کر سنہراتل لیں۔لیجئے مزیدار دال اور سبزی کے کٹلٹس تیار ہیں۔

مکس سبزی

اجزا:بند گوبھی آدھا پائو،گاجر دو عدد،بینگن درمیانے دو عدد، مٹر ایک پاؤ،مولی درمیانی ایک عدد، مٹر ایک پاؤ،مولی درمیانی ایک عدد، ہری پیاز ایک پاؤ،ٹماٹر چار عدد کٹے ہوئے،لہسن پسا ہواتین چائے کے چمچے،ادرک پسی ہوئی تین چائے کے چمچے،ہری مرچ چھ عدد، ہرا دھنیاآدھی گٹھی،سرخ مرچ پسی ہوئی دو چائے کے چمچے،ہلدی پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ،سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ،نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب:سب سے پہلے پتیلی میں تیل ڈال کرگرم کرلیں۔ اس میں زیرہ ڈال کر لہسن، ادرک ، ٹماٹر، سرخ مرچ، ہلدی شامل کرلیں اور چمچہ چلاتے رہیں۔ سبزیاں دھو کر کاٹ کررکھ لیں۔ جب مسالہ بھن جائے تواس میںکٹی ہوئی سبزی مسالے میں شامل کرکے چمچ سے اوپر نیچے کریں اور پانی ڈال کر گلالیں۔جب پانی خشک ہونے لگے اور سبزیاں تیل چھوڑنے لگیں تو بھون کر چولہا بند کردیں۔مکس سبزی تیار ہے۔

چپاتی سے کھائیں یا پھر چاول سے، دونوں کے ساتھ مزیدار لگے گی۔

تازہ ترین