• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میگزین ڈیسک

سردی کے اثرات بچوں کے لیے زیادہ خطرناک ہوتے ہیں ،ان کی حفاظت کریں

ایک ماں کے لئے یہ بہت ہی مشکل کام ہوتا ہے کہ وہ اپنے بچے کو سردی اور اس کی تمام بیماریوں سے محفوظ رکھیں۔عموماً ہر موسم میں بچے کو موسمی اثرات اور بیماریوں سے بچانے کی ضرورت پیش آتی ہے۔اکثر مائیں سردیوں میں پریشان ہوجاتی ہیںکہ سرد موسم میں بچے پر زیادہ توجہ دینی پڑتی ہے، تاکہ وہ سردی سے محفوظ رہیں۔

خاص طورپرنوزائیدہ بچے آسانی سے سردیوں کا شکار ہو جاتے ہیں،کیونکہ بچوں میں بیماریوں سے لڑنے کی صلاحیت کم ہوتی ہےاور وہ جلدی بیمار ہوجاتے ہیں۔ تاہم اس مسئلے میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے،کیونکہ ذیل میں اس حوالے سے کچھ کار آمد تجاویز موجود ہیں، جن پر عمل کر کے آپ اپنے بچے کو صحت مند و توانا رکھ سکتی ہیں۔

  • روزانہ اپنے بچے کو صاف ستھرا کریں، مگر سردی میں بچے کو نیم گرم پانی سے نہلائیں۔اس سے پہلے بے بی آئل سے بچے کی اچھی طرح مالش کریں ۔
  • نہلانے کے بعد بچے کو کچھ دیر کے لئے دھوپ میں لے کے بیٹھ جائیں۔
  • بچے کو سردی سےمحفوظ رکھنے کے لئے مسلسل گرم کپڑوں کا استعمال نہیں کریں۔اس سے پسینہ آتا ہے اور ٹھنڈے پسینہ کی وجہ سے بچے کو کھانسی اور سردی کا خطرہ ہوجاتا ہے۔
  • بچے کو وقفےوقفے سے نیم گرم پانی دہتی رہیں، تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو ۔
  • صبح اور شام کے وقت بچے کو باہر لے کر نہیں جائیں ۔
  • سردی سے بچانے کے لئے بچے کو تھوڑا سا شہد بھی دینا چاہیے۔
  • کھڑکیاں بند نہ کریں اور جب بچہ سورہا ہو تو اس کا منہ نہیں ڈھانپیں ۔اس سے بچے کو سانس لینے میں دشواری ہوسکتی ہے۔
  • ہر وقت ہیٹر آن نہ رکھیں۔اس سے بچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
  • رات میں بچے کو ہمیشہ خشک ڈائپر پہنائیں ۔
  • ڈاکٹر سے مشورہ کئے بغیر بچے کو کوئی بھی دوا نہیں دیں۔

جلد کی حفاظت

سرد ی کا موسم چھوٹے بچوں کے لئے زیادہ نقصان دہ ہوتا ہے۔کیونکہ بچے کی جلد بہت حساس ہوتی ہے اوراس موسم میں جلد خشک ہوجاتی ہے۔اسی وجہ سے بچوں کو خارش ہونے لگتی ہے۔اس لئے ان کی جلد پر وقتاً فوقتاً موئسچرائزر لگاتی رہیں ۔اس سے بچوںکی جلد سردی کے اثرات سے محفوظ رہیں گی۔

بچے کے ملبوسات

سردی کے موسم میں بچوں کو گرم کوٹ ،ٹوپی اور دستانے کی ضرورت ہوتی ہے ،مگر اس قدر بھی گرم نہیں ہو کہ پسینہ آنے لگے۔بچے کی جلد کی مناسبت سے کپڑے پہنائیں، کیوں کہ سرد موسم میں بچے کی جلد اور بھی نرم ہوجاتی ہے۔

تازہ ترین