کوئٹہ(پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر نے اپنے بیان میں باچا خان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے سے انگریز سامراج کے انخلا، برصغیر پاک و ہند میں قوموں کے حقوق کے حصول کی جنگ، سماجی انصاف اور ملک میں غلط داخلہ و خارجہ پالیسی کے خلاف جنگ میں دونوں عظیم رہنمائوں کی جدوجہد کو سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں عظیم رہنمائوں کی خطے کے امن کیلئے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ گزشتہ نصف دہائی سے دونوں رہنمائوں نے خطے کی سیاست اور حالات کے حوالے سے جو پیشگوئی کی وہ سب درست ثابت ہوئی، آج باچا خان اور ولی خان کے بدترین سیاسی مخالفین بھی برملا ان کے موقف کی تائید کرتے ہیں جو ہماری سیاسی اور اخلاقی فتح ہے۔ رشید ناصر نے کہا کہ اگر ماضی میں ہمارے اسٹیبلشمنٹ پرست حکمران باچا خان اور ولی خان کے سیاسی نظریات کی پیروی کرتے تو آج ملک تنہائی کا شکار ہوتا اور نہ ہی قرضوں کی بدترین دلدل اور اقتصادی بحران کا شکار ہوتا۔ رشید ناصر نے پارٹی کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ باچا خان اور ولی خان کی برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور 24؍جنوری کو ہرنائی میں ایمل ولی خان کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے جدوجہد تیز کردیں۔