• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور یونیورسٹی اور انسداد پولیو پروگرام کے زیر اہتمام پولیو آگاہی تھیٹر

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور یونیورسٹی اور انسداد پولیو پروگرام خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام ایک روزہ پولیو آگاہی تھیٹر ڈرامہ کا انعقاد کیا گیاجس میں اداکارائوں زاہدہ تنہا، ثروت علی، عزیر شیرپائو اور دیگر نے حصہ لیا، طلبہ، فیکلٹی ارکان اور انتظامی اہلکاروں نے ڈرامہ دیکھا ،جامعہ پشاور کے میڈیا آفیسر علی عمران ، ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے محمد عقیل اور یونیسیف کی کمیونیکشن آفیسر شاداب یونس بھی موجود تھے، ڈرامے کا مقصد پولیو کے خلاف عوامی شعور اجاگر کرنا تھا۔ ممتاز ڈرامہ نگار نور البشر نوید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کو پولیو مہم کے اہداف کے حصول کے لئے ساتھ دینا ہوگا بچے قوم کا مستقبل ہیں انہیں معذوری سے بچانے کے لئے پولیو قطرے پلانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پشتو تھیٹر، طنزو مزاح ، سنجیدگی اور موسیقی کا امتزاج لئے سماجی برائیوں کی بیخ کنی کا ایک موثر اظہار اور بیانیہ ہے جس کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے جامعہ پشاور کی جانب سے تھیٹر پروگرام میں تعاون اور سر پرستی پر وائس چانسلر جامعہ پشاور پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان کو خراج تحسین پیش کیا۔ جناح کالج برائے خواتین، یونیورسٹی کالج برائے بوائز ، ہوم اکنامکس کالج، شعبہ صحافت ، انگلش ، باٹنی اور پاکستان سٹڈی سنٹر کے طلباء و طالبات نے پولیو کے خلاف آگاہی تھیٹر کو اہم قرار دیا اور تعاون کا یقین دلایا۔ یاد رہے کہ جامعہ پشاور اور خیبر پختونخوا حکومت مفاہمت کی یاداشت کے تحت انسداد پولیو مہم کے بنیادی ادارہ جاتی پارٹنر ہیں۔
تازہ ترین