• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضم اضلاع میں پرائیویٹ ہسپتالوں اور طبی مراکز کی رجسٹریشن کا فیصلہ

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن نے ضم اضلاع میں پرائیویٹ ہسپتالوں اور طبی مراکز کی رجسٹریشن کا فیصلہ کرتے ہوئے معائنے کا شیڈول جاری کر دیا پہلے مرحلے میں تین اضلاع خیبر، مہمند اور باجوڑ میں جنوری سے مارچ تک معائنہ کیا جائیگا جس میں ان اضلاع میں ہسپتالوں، لیبارٹریوں، ایکسرے کلینکس، ڈاکٹرز کلینکس اور تشخیصی مراکز میں دی جانیوالی سہولیات معیارات اور عملے کا جائزہ لیکر رپورٹ تیار کی جائے گی۔ کمیشن کے ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں مزید تین اضلاع اورکزئی، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں کمیشن کی ٹیمیں اپریل سے جون تک معائنہ کریں گی اور بعد ازاں ان اضلاع میں طبی مراکز اور ہسپتالوں لیبارٹریوں وغیرہ کی رجسٹریشن شروع کی جائے گی، ضم شدہ اضلاع میں کمیشن کے ضلعی دفاتر کے قیام کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہےاور اگلے سال پورے صوبے میں لائسنس کے اجراء کی سہولت دستیاب ہوگی۔ ذرائع کے مطابق اس وقت صوبے کے 13 اضلاع میں ہیلتھ کیئر کمیشن دفاتر کام کر رہے ہیں جوملحقہ اضلاع میں بھی مانیٹرنگ کررہے ہیں، پچھلے ایک سال کے عرصے میں کمیشن نے صوبے میں بھر 235 نئے مراکز کو رجسٹر کرلیا ہےمجموعی طور صوبے میں اب تک 4580پرائیوٹ ہسپتالوں، کلینکس، لیبارٹریوں، مراکز صحت اور تشخیصی مراکزکو رجسٹر اور مطلوبہ معیارات پر پورا نہ اترنے والے1060 مراکز کو مستقل بنیادوں پر بند کیا ہے، 59 کے خلاف ایف آئی آرزدرج کی گئی ہیںسٹیزن پورٹل پر 20351 شکایات پر کارروائی کی جا چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق معیارات پر پورا نہ اترنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کے لئے پالیسی بناکر گائیڈ لائنز تیار کی گئی ہیں۔
تازہ ترین