• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد ہلاک، ایک گلا کٹی لاش ملی

فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد ہلاک


کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 4افراد جاں بحق اور 2زخمی ہوگئے ، جبکہ سچل سے ایک شخص کی گلا کٹی لاش ملی ،تفصیلات کے مطابق قائد آباد تھانے کی حدود یونس چورنگی ریلوے لائن پل پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار 2ملزمان نے رکشے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی ، جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار خاتون اور مرد شدید زخمی ہوگئے ، اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ، پولیس نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا ، جہاں دونوں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے بعد ازاں مقتولین کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کی گئیں جہاں ان کی شناخت 30 سالہ عبید الرحمان ولد عبدالرحمان اور 21سالہ زاہدہ عمردختر احمد خان کے ناموں سے ہوئی ہے،عینی شاہدین نے پولیس کو بیان دیا کہ9سیٹرز رکشہ منزل پمپ سے مسافروں کو اسپتال چورنگی لے جا رہا تھا،اورریلوے پل پر رفتار کم ہوتے ہی پیچھے سے آنیوالے موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم ملزمان رکشے پر فائرنگ کر کے فرار ہو گئے، خاتون کے سر میں ایک گولی لگی،جبکہ مقتول کے جسم پر 4گولیوں کے نشان ہیں ،پو لیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا تعلق جھوکھیو برادری جبکہ مقتول پٹھان اور مظفر آباد کالونی کا رہائشی تھا ،پولیس نے جائے وقوعہ سے 30بور پستول کے خالی خول تحویل میں لےلئے،پولیس اطراف میں واقع کمپنی سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرے گی ، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات پر واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے ، تاہم مختلف پہلوؤ ں سے تفتیش کی جارہی ہے،جوہر آباد تھانے کی حدود عائشہ منزل فاروق اعظم مسجد والی گلی میں نامعلوم ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا، جسے ایمبولنس کے زریعے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں وہ دم توڑ گیا،مقتول کی شناخت 42 سالہ عاطف کمال ولد محمد کمال کے نام سے ہوئی ہے،لاسی گوٹھ جمعہ بازار کے قریب 50سالہ غلام حیدر ولد مولا دین گھر کے قریب واقع مسجد میں فجر کی نماز کی ادائیگی کیلئے جارہا تھا کہ گھات لگائے ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی،جس سے وہ موقع پرجاں بحق ہو گیا،اس کے جسم کے مختلف حصوں پر 15سے زائد گولیاں لگیں،مقتول رکشہ ڈرائیور تھا،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ۔ سائٹ اے تھانے کی حدود صنعتی ایریا شمس مسجد کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر کے 30 سالہ معراج ولد خورشید کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے،بھٹائی آباد دھنی بخش گوٹھ گلی نمبر5 میں واقع گھرسےایک شخص کی گلاکٹی لاش ملی،اسپتال میں اس کی شناخت 35 سالہ جاوید علی ولد عاشق نام سے ہوئی، پولیس کے مطابق اسے تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کیا گیا،پولیس نے قتل کے شبہ میں اس کے بھتیجے کو حراست میں لے کر تفتیش شرو ع کردی ہے،اورنگی نمبر ایک نورانی پارک کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے 18سالہ بلال ولد یاسین زخمی ہو گیا۔

تازہ ترین