• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی دعوؤں کے باوجود معیشت زوال پذیر ہے، جماعت اسلامی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ نے ملک اور بالخصوص صوبہ سندھ کی معاشی صورتحال اور بڑھتی ہوئی بیروزگاری پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت کے تمام بلند بانگ دعووں کے باوجود 16ماہ گزرنے کے بعد بھی معیشت زوال پذیر ہے۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، عام آدمی کیلئے بنیادی انسانی ضروریات کو پورا کرنا ناممکن بن گیا ہے، آٹے کے بحران وقیمتوں میں اضافہ نے نااہلی کو ثابت کردیا ہے۔یہ بات جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں منظور ہونے والی قرارداد میں کہی گئی جوکہ قباءآڈیٹوریم میں صوبائی امیرمحمدحسین محنتی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔قراردادمیں مزیدکہا گیا کہ اشیائے صرف کی قیمتیں دن بدن بڑھ رہی ہیں، ٹماٹر، پیاز اور دیگر اشیاءخوردونوش کی قیمتیں اپنی بلند ترین سطح کو چھورہی ہیں، سندھ میں آٹے کا بحران پیدا کیا گیا ہے، آٹے کی فی کلو قیمت 46سے70روپے تک پہنچ چکی ہے، ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جن کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں حکومت وقت مکمل طورپر ناکام ہوگئی ہے۔بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بار بار ظالمانہ اضافہ کیا جارہا ہے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جارہا ہے، لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی،بجلی اور گیس کی قلت، لوڈشیڈنگ کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں ماند پڑگئی ہیں، کراچی جو کہ ملک کا معاشی حب ہے 70%روینو سندھ فراہم کرتا ہے وہاں صنعتیں بند ہورہی ہیں جبکہ سندھ کو این ایف سی ایوارڈمیں اس کوجائز حصہ نہیں دیا جارہا ہے،تاجروں کے حوالے سے مبہم پالیسیوں اور گومگو کی کیفیت کی وجہ سے ملک کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔

تازہ ترین