• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اتحاد عالم اسلام کیلئے وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ،جعفریہ الائنس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بغداد میں قاسم سلیمانی اور ابو مہدی مہندس پر امریکی قاتلانہ حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین بشمول جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ رضی جعفرنقوی،سید شبررضا،پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹرتاج حیدر،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہارالحسن،جماعت ا سلامی کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو،جمعیت علماء پاکستان کے صدرعلامہ قاضی احمدنورانی،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مولانا باقر زیدی سمیت دیگر نے مشترکہ قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے کیا۔آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ رضی جعفر نقوی کی زیر صدارت کراچی پریس کلب میں کیا گیا ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ بغداد میں ہونے والا امر یکی حملہ کھلی جارحیت اور عالمی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے،مسلم امہ اپنے اتحاد سے عالمی دہشت گرد امر یکہ اور اسرائیل کے منصوبوں کو خاک میں ملادے۔ مقررین نے امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد عالم اسلام کے لئے وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ ان کاکہنا تھا کہ شہید قاسم سیلمانی کی زندگی فلسطین ،لبنان،عراق، شام، کشمیر،افغا نستان کے مسلمانوں کی حمایت میں گزری ۔ مقررین نے پاکستان میں دہشت گردی کی طویل تاریخ اور دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کرنے پر امریکی سامراج کی شدید مذمت کی اور کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت گٹھ جوڑ کے ذریعہ پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔ مقررین نے باہمی اتحاد اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پرقرار داد منظور کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیخلاف کسی قسم کی سازشوں کو قبول نہیں کیا جائے گا، اس موقع پر علامہ نثار قلندری، علامہ باقر زیدی، علامہ حسین مسعودی، علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ علی کرار، مولانا عون محمد نقوی، مولانا اکرام ترمذی، مولانا رجب علی بنگش، علامہ ذوہیر عابدی، قاسم نقوی، حسین عباس، ضیاء عباس، شمس الحسن شمسی، حسن مہدی، ثروت رضوی، محمدمہدی ، ایس ایم نقی اور دیگر بھی شریک تھے۔
تازہ ترین