• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی اتحادی جماعتوں کی ناراضی کے پیچھے کوئی سازش نہیں، جہانگیرترین

کراچی (ٹی وی رپورٹ) رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ حکومتی حلیف جماعتوں سے متعلق یہ خیال درست نہیں کہ ان کی ناراضی کے پیچھے کوئی سازش چھپی ہے ۔مخلوط حکومت میں جب کوئی ایک اتحادی ناراض ہوجائے تو سب چوکنے ہوجاتے ہیں ۔ 

فروغ نسیم کو وزیراعظم عمران خان نے وزیرقانون بنایا ہے انہیں ایم کیوایم نے نامزد نہیں کیا تھا ۔

ہماراایم کیوایم سے معاہدہ تھا کہ انہیں کابینہ میں دووزارتیں ملیں گی لیکن وہ فروغ نسیم کو شمار نہیں کرتے کیوں کہ ایم کیوایم کا کہنا ہے کہ انہوں نے فروغ نسیم کو کابینہ کیلئے نامزد نہیں کیا تھا ۔پی ٹی آئی اور متحدہ پاکستان کے درمیان یہی بحث جاری ہے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پرویز خٹک ، شہزاد اربا ب اور مجھے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنے کا ٹاسک دیا ہے ۔

چار ماہ ہوچکے ہیں اتحادیوں سے بات چیت جاری ہے ۔کراچی کے ایم این ایز کو فنڈز جاری نہ ہونے پر ایم کیوایم معترض ہے ۔ایم کیوایم کا مطالبہ تھا کہ کراچی اور سندھ کے لئے 30ارب روپے مختص کئے جائیں ہم نے گزارش کی کہ یہ آئندہ سال جاری ہوجائیں گے ۔

ایم کیوایم سے تقریباً تمام معاملات طے پاچکے ہیں ،متحدہ پاکستان کے دو تین مطالبات پر رواں ہفتے عمل درآمد ہوجائیگا ۔مطالبات پورے ہونے پر ایم کیوایم پاکستان کے وزیر جلد حکومت کا حصہ بن جائیں گے ۔

مسلم لیگ ق کی نشستیں اس لئے زیادہ آئیں کیوں کہ ہم نے الیکشن 2018میں ان کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تھی البتہ اس سے ہمیں بھی فائدہ ہوا ہے ۔

جن چار سیٹوں پر ہم نے اپنے امیدوار ودڈرا کئے ان ہی چاروں سیٹوں پر ق لیگ کامیاب ہوئی ہے ۔

تازہ ترین