• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالت پیش نہ ہونےپرسب انسپکٹر سمیت 5 اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن کورٹ نے منشیات کے مقدمہ میں بطور گواہ عدالت میں پیش نہ ہونے والے سب انسپکٹر سمیت 5پولیس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کرکے مقدمہ کی آئندہ سماعت 8فروری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس آف پیس نے پسند کی شادی کرنے والی خاتون نصرت بی بی کو ہراساں و پریشان کرنے سے متعلق درخواست پر ایس ایچ او قطب پور سے 25جنوری کو جواب طلب کرلیا ہے۔ جسٹس آف پیسنے مبینہ ڈبہ پیر کی جانب سے شہری کی بیوی کو تحویل میں رکھنے اور پٹشنر کو تشدد کا نشانہ بنانے کا مقدمہ درج نہ کرنے کے حوالے سے درخواست پر ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفیسر اور ایس ایچ او تھانہ کینٹ سے 27جنوری کو رپورٹ طلب کرلی ہے۔ مجسٹریٹ کورٹ نے شراب برآمدگی کے مقدمہ میں ملوث ملزم سلمان شریف کو جرم ثابت ہونے پر 2 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا کاحکم دیا ہے ۔ سیشن کورٹ نے واپڈا کی مین لائن میں ڈائریکٹ تار لگا کر بجلی چوری کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم اشفاق احمد کی عبوری ضمانت میں پولیس سے 31 جنوری کو ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ سیشن کورٹ نے منشیات کے مقدمہ میں عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے والے ملزم شان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 31 جنوری کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ سیشن کورٹ نے اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر شہری کا لاکھوں مالیت کا سامان لوٹنے کے مقدمہ میں ملوث 2 ملزمان اعجاز اور لعل خان کی ضمانت پر پولیس سے 23 جنوری کو ریکارڈ طلب کرلیا ہے ۔ سیشن کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا سجاد کی تین مختلف مقدمات میں عبوری ضمانت پر وکلاء بحث کے لیے سماعت 28 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔
تازہ ترین