• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زکوٰۃ فنڈز کی تقسیم میں شفافیت کے حوالے سے کمیٹی کا اجلاس

پشاور ( نیوزڈیسک )خیبرپختونخوا میں زکوٰۃ فنڈز کو شفافیت کے ساتھ مستحقین تک پہنچانے اور اس حوالے سے بہتر طریقہ کار وضع کرنے سے متعلق صوبائی کابینہ کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین شکیل احمد ایڈووکیٹ کی زیر صدارت بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اور صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر،سیکرٹری زکوٰۃ محمد ادریس خان اورایڈیشنل سیکرٹری فیاض خان سمیت محکمہ قانون اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین کو محکمہ زکوٰۃ اورزکوۃ فنڈز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ ممبران نے ماہانہ گزارلائونس میں اضافے اور تعلیم کے لئے فراہم کیے جانے والے وظائف میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کے ساتھ زکوٰۃ فنڈز کے لئے عشر سے ملنے والی آمدن بڑھانے کے ساتھ غربت کے خاتمے کیلئے جامع منصوبہ بندی کے امور کو عملی جامہ پہنانے پر غور و خوضکیا۔چیئرمین کمیٹی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زکوٰۃ کے طریقہ کار کو شفاف بنانے اور اس کو مستحقین تک پہنچانے کے عمل کو فعال اور موثر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ غریبوں،بیواؤں اور یتیموں کو مالی فوائد حاصل ہوں اور فنڈز ضائع نہ ہوں کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کر رہی ہے اگرقانون میں حل موجود ہو تو اس کے مطابق بہتر سے بہتر ترامیم کرائی جائیں گی اگر قانون اجازت نہیں دیتا تو اسمبلی سے ایکٹ پاس کروایا جائیگا
تازہ ترین