• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مافیا کے مفاد کیلئے مہنگائی کے بم گرائے جارہے ہیں، راشد محمود خان

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ممتاز رہنما سنٹرل کمیٹی کے رکن اور خیبر پختونخوا کے صوبائی سینئر نائب صدر راشد محمود خان بابوزئی نے کہا ہے کہ حکمران جماعت کو مافیا نے ہائی جیک کر لیا ہے جبکہ مافیا کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچانے کے لئے کبھی آٹے اورکبھی چینی کا بحران پیدا کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے چار ماہ تک اسلام آباد میں دھرنے، جلسے جلوسوں اور پی ٹی آئی کی انتخابی مہم کو اربوں روپے خرچ کرنے والی مافیا کو اربوں روپے کافائدہ پہنچانے کے لئے پہلے لاکھوں ٹن گندم ملک سے باہر برآمد کی گئی جس سے آٹے کا بحران پیدا ہوا۔مافیا کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچانے کے لئے آٹے کی قیمتوں میں ایک سال میں چار بار اضافہ کیا گیا جبکہ مافیا کو فائدہ پہنچانے کے لئے آٹے کے بعد چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا عوام آٹا آٹا پکار رہے ہیں جبکہ حکمران اقتدار بچانے کے لئے ناراض اتحادیوں کو منانے میں لگے ہوئے ہیں انہوںنے گڑھی محمد بہرام خان بابوزئی پشاور میں کاشت کار رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے زراعت کو ترقی دے کر کاشت کاروں کو زیادہ سے زیادہ مراعات دے کر فی ایکڑ پیداوار بڑھانے اور بے تحاشا زرعی ٹیکس ختم کر کے زرعی انقلاب کے ذریعے غربت بدحالی و بے روزگاری کا خاتمہ بھی کیا جا سکتا ہے اور ترقی و خوشحالی کا انقلاب بھی لایا جا سکتا ہے لیکن زراعت کو ترقی دینے کی بجائے تباہی سے دو چار کر دیا گیا ہے سبزیوں و پھلوں کی پیداوار میں کمی سے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسامان کو چھو رہی ہیں ۔ خیبر پختونخوا میں لاکھوں ایکڑ بنجر زمینوں و سرسبز و شاداب بنانے اور آبپاشی کے نظام کوبہتر بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں کاشت کاروں کو زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں ۔زرعی آلات کھادوں و تخموں کی سستی قیمت پر فراہمی کے لئے سبسڈی دی جائے اور کاشت کاروں پر غیر ضروری زرعی ٹیکس ختم کئے جائیں۔
تازہ ترین