• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: کورونا وائرس کی وجہ سے چینی ایئرلائنز کی پروازیں 30 جنوری تک بند

لاہور: کورونا وائرس کی وجہ سے چینی ایئرلائنز کی پروازیں 30 جنوری تک بند



چین کے شہر ووہان میں پھیلنے والے کورونا وائرس کی وجہ سے لاہور ایئرپورٹ پر چائنا سدرن ایئرلائنز کی پروازیں عارضی طور پر بند کر دی گئیں۔

لاہور ایئر پورٹ پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن کاؤنٹر بھی قائم کردیا گیا۔

کاؤنٹر پر سول ایوی ایشن اور محکمہ صحت کا عملہ تعینات ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ وائرس ایک انسان سے دوسرے انسان میں منتقل ہوسکتا ہے۔

کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) لاہور ایئرپورٹ چودھری نذیر کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں میو اسپتال کے ایک ڈاکٹر کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا۔

اجلاس میں طے پایا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے قائم کاؤنٹرز پر ڈاکٹر اور میڈیکل اسٹاف موجود رہے گا۔

ان کاؤنٹرز پر تھرمل گن اور تھرمل اسکینرز کے ذریعے چین سے آنے والے تمام مسافروں کا چیک اَپ کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں دیگر ممالک کی چین سے ہوتے ہوئے آنے والی پروازوں کے مسافروں کا بھی معائنہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے باعث چین جانے والی چائنا سدرن کی پروازیں 30 جنوری تک بند کردی گئی ہیں۔

ان کی پروازوں کا نیا شیڈول ایک ہفتے بعد جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس کا معاملہ سنگین ہوگیا، مہلک وائرس سے اب تک 17 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ساڑھے پانچ سو سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔

قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے بھی چین میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد پاکستان میں ہیلتھ ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

تازہ ترین