• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی نظر یاتی کونسل نے فلم زندگی تماشا کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بنا دی

ااسلام آ باد (نمائندہ جنگ) چیئرمین سنسربورڈ د انیال گیلانی نے فلم ‘‘زندگی تماشا’’ کو جائزے کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیج دی ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے ترجیحی طور پر اس پر رپورٹ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کونسل نے ابتدائی طور پراسے شعبہ ریسرچ پر مشتمل چاررکنی کمیٹی کے سپرد کردیا ہے جو پوری فلم کے مرکزی خیال اور اس کے ممکنہ معاشرتی اثرات کے بارے میں جامع رپورٹ تیار کرکے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کو پیش کرے گی۔فلم کے بارے میں اس وقت مختلف نقطۂ نظر کے طبقات کے درمیان بحث جاری ہے اور سوشل میڈیا پر مختلف آراء پر مبنی پوسٹیں آرہی ہیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل کی کمیٹی ان آراء کا تقابلی جائزہ لے گی اور اس پر اپنا ابتدائی مؤقف تشکیل دے گی۔ کونسل کی اعلیٰ باڈی کے ممبران پر مشتمل کمیٹی بعد میں اس رپورٹ کا جائزہ لے گی۔بورڈ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سنسر بورڈ کے ایک پینل نے 29جو لائی 2019 کو اردو اور پنجابی فلم زندگی تماشا کا معائنہ کیا اور معمولی اعتراضات کے بعد اسے کلیئر کردیاتھا۔ تاہم فلم تین اکتوبر کو ریلیز نہیں کی گئی ۔ تحریک لبیک پاکستان نے ایک خط میں اس فلم پر اعتراضات کئے بالخصوص ٹریلر پرجو یوٹیوب پردستیاب ہے۔ اس اعتراض کے بعد فلم کا دوبارہ معائنہ کیا گیاجس میں تحریک لبیک پاکستان کے اعتراضات کو دور کیا گیا۔خط میں درخواست کی گئی ہے کہ مذہبی سکالرز کا ایک پینل تشکیل دیا جا ئے جو اس فلم کا جائزہ لے۔
تازہ ترین