• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مایوس، ناکام اور زندگی کے ہر پہلو میں منفی سوچ رکھنے والے فرد کے لیے کسی بھی شخص کا حوصلہ افزا اور ہمدردانہ جملہ مایوسی کے اندھیروں میں روشنی کی کرن ثاب ہوتا ہے۔ بہتر مستقبل کی امید جگائے رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے اور اس کے لیے درست راستہ اختیار کرنا ہمارے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ ہماری شاعری و نثری تحاریر اور موسیقی کا بیشتر ورثہ الم و ہجر رہا ہے۔

تاہم اب جب ہم ڈیجیٹل دور میں داخل ہوئے ہیں تو ہمارا بیانیہ آہستہ آہستہ افلاک پر نظر رکھتے ہوئے حوادثِ زمانہ کا رونا رونے کے بجائے ہنرمند انسان کی تشکیل کر رہا ہے۔ آزاد عالمی دنیا میں مایوس ہونے کا جواز اب نہیں رہا۔ انفو ٹیک نے ایسی کئی حوصلہ افزا ایپس(Motivation apps) متعارف کرادی ہیں، جن کے استعمال سے آپ مایوس دل میں جینے کی امنگ جگا کر خود کو تعلیم و ہنر سے آراستہ کرسکتے ہیں۔ 

ذیل میں ہم رواں سال کی ایسی ہی چند بہترین حوصلہ افزا ایپس سے آپ کا تعارف کروارہے ہیں، جن کا چرچاسال بھر آئی فون اور اینڈرائڈ اسمارٹ فون استعمال کرنے والے صارفین کےہاں رہا۔

ThinkUp: Positive Affirmations

آئی فون اور اینڈرائڈ کے لیے بنائی جانے والی یہ ایپ حوصلہ افزا اقوال کا خزانہ لیے ہوئے ہے۔ اس میں خود کلامی (Self-talk)کے وہ آزمودہ و مصدقہ طریقے اور رہنمائی موجود ہے، جو آپ کی اچھی اور بری عادتوں کا جائزہ پیش کرکے اس پر قابو پانے کی راہ سجھاتے ہیں۔ یاد رکھیں!اچھی سوچ اچھا انسان بناتی ہے۔

Fabulous: Self Care

اینڈرائڈ موبائل پر چلنے والی یہ ایپ آپ کی عادتوںکا پتہ لگاتی(Habit tracker) ہے اور آپ کو سائنسی انداز سے زندگی میں تبدیلی لانے والے حوصلہ افزا الفاظ کے ذریعے کامیابی کے سفر پر مائل کرتے ہوئے یاد دلاتی ہےکہ ’’حالات چاہے جیسے بھی ہوں گھبرائیں نہیں‘‘۔ مستقل مزاجی سے اپنی عادتوں کو نت نئے ہنر سے آراستہ کرنے کے لیے فری لانسنگ کے وسیع مواقع یہاں موجود ہیں۔ اتنا ہی نہیں اس ایپ میں آپ کو مفید طبی معلومات اور ذہنی سکون کے لیے مراقبے کی مشقیں بھی ملیں گی۔

FitQuote

آئی فون اور اینڈرائڈ پر دستیاب یہ ایپ آپ کی صحت کے لیے روزانہ دل کو چھولینے والے اقوالِ زریں پر مبنی ایک ڈائری ہے جیسے کہ ’’جو اپنی قدر و قیمت نہیں جانتا،زمانہ اس کی قدر نہیں کرے گا‘‘ اوراس جیسے دیگر بیش قیمت اقوال آپ کا حوصلہ بڑھانے میں مدد دیں گے۔ اس میں آپ اپنے پسندیدہ اقوال اور تصاویر محفوظ بھی کرسکتے ہیں۔

Forest: Stay Focused

فاریسٹ ایپ آپ کو موبائل کی لت سے منفرد انداز میں چھٹکارا دلاتی ہے۔ وہ آپ کو درختوں، سبزہ زار، چراگاہوں، باغوں اور پھولوں سے سجی ایسی تصویری ست رنگی دنیا میں لے جائے گی،جنہیں دیکھ کر آپ کچھ اور دیکھنا بھول جائیں گے۔ یہ ایپ طبیعت میں ٹھہراؤ لاتی اور توجہ کو بٹنے سے روکتی ہے۔

Way of  Life: Habit Tracker

انسان کی کامیابی میں اس کی عادتوں کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔ یہی زندگی کے راستے کا تعین بھی کرتی ہیں۔ زندگی آپ کا موڈ نہیں دیکھتی،یہاں جو آپ سے آگے بڑھ گیا سو بڑھ گیا ۔ موڈ پر چلنے والے عموماً ناکام رہتے ہیں،وقت کی قدر کرنے والے ہی ٹاسک مکمل کرپاتے ہیں۔ آج کا کام کل پر مت ٹالو! یہ وقت پھر نہیں آنا ۔ ان عزائم کو پختہ کرنے کے دلچسپ طریقے بھی اس ایپ میں موجود ہیں۔

iWish

یہ ایپ 1200تصورات و خیالات پر مبنی اسمارٹ گولز(Smart goals)اور کارہائے نمایاں (Accomplishments) کا ٹریک ریکارڈ رکھنے میں راہ نما ہے۔ 

اس میں روزمرہ کاموں کے شیڈول بنانے، کام کی ترجیحات کا تعین کرنے اور یاددہانی جیسی کئی سرگرمیاں موجود ہیں، جو منظم زندگی گزارنے کے لیے لازمی ہیں۔

Strides: Habit Tracker

اسمارٹ گول ٹریکر کے طور پر ڈیزائن کردہ اس ایپ میں آپ کے لیے ان ساری عادتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے وہ تمام طریقے موجود ہیں جو ٹارگٹ اورینٹڈ کاموں کی تکمیل میں معان ہوتے ہیں، جیسے کہ’’آج کے کاموں کی فہرست ، کاموں کی ترجیحات، ابتدا و تکمیل کا شیڈول، مصروفیات کی یاددہانی بمطابق تاریخ اورچارٹس شامل ہیں، لیکن یہ سب اس وقت تک کارگر نہیں ہوسکتا جب تک آپ اپنی قوتِ ارادی سے اپنے موڈی پن سے نجات حاصل نہیں کرلیتے۔

اس ایپ کی سب سے بڑی خوبی مزاج کو سائنسی بنیادوں پراستوار کرتے ہوئے اتار چڑھاؤ کو کنٹرول کرکے ٹارگیٹیڈ اورینٹڈ کاموں کی تکمیل میں ممد و معاون ہوتی ہے،جس سے آپ اپنے اسٹڈی شیڈول میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے زندگی کو باضابطہ بنا کر کامیابی کی شاہراہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین