• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرونا وائرس، چائنیز اہلکاروں کے ساتھ کام کرنیوالے مقامی ملازمین میں بے چینی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میونسپل ورکرز ٹریڈ یونین الائنس کے صدر سید ذوالفقار شاہ اور جنرل سیکرٹری ملک نواز نے کہا ہے کہ چینی باشندوں میں کرونا وائرس پھیلنے کی اطلاع نے دنیا بھر میں کھلبلی مچادی ہے، جس سے چائنیز کمپنی کے چائنیز اہلکاروں کے ساتھ کام کرنے والے مقامی ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملازمین سخت سردی میں صبح کے وقت صفائی کا کام کرنے کے باعث پہلے ہی بڑی تعداد میں ’’فلو‘‘ کا شکار ہیں، جبکہ وعدے کے مطابق تاحال بورڈ میں کام کرنے والی چائنیز کمپنی نے فرسٹ ایڈ تک کا بندوبست نہیں کیا جس سے پہلے ہی بورڈ کے ہزاروں ملازمین کی قیمتی جانیں خطرے میں پڑچکی ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ملازمین پہلے ہی ہیپاٹائٹس بی، سی، ٹی بی اور دیگر موذی امراض میں مبتلا ہیں، جن کے علاج کا کوئی بندوبست نہیں۔

گندگی میں کام کرنے والے ملازمین کا قانون کے مطابق ہر 90 روز میں معائنہ ہونا چاہئے مگر وعدے کے باوجود اب تک ورکشاپس میں ڈاکٹرز کا انتظام نہیں کیا گیا تو علاج یا ضروری ٹیسٹس تو الگ بات ہے۔

ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے حکومت سندھ سے نوٹس لینےکامطالبہ کیا ہے۔

تازہ ترین