کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں رواں سال کی اب تک ہونے والی سب سے بڑی ڈکیتی ، نامعلوم مسلح ملزمان ریٹائرڈ کرنل کے گھر سے زیورات ،فارن کرنسی اور پاکستانی روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صدر تھانے کی حدود بنگلہ نمبر197/16 dohsاسکول روڈ کینٹ کے رہائشی کرنل (ر) محمد رمضان ملک کی جانب سے تھانے میں مقدمہ الزام نمبر42/2020زیر دفعہ 395درج کروایا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ19جنوری کو سات سے آٹھ مسلح ملزمان انکے گھر میں داخل ہوئے اور اہلخانہ کو یرغمال بنا کر گھر میں موجود ڈیڑھ کروڑ مالیت کا سونا ، ایک کروڑ سے زائد کی فارن کرنسی اور12لاکھ سے زائد پاکستانی روپے لیکر فرار ہو گئے۔
ڈاکو ایک گھنٹے تک اہلخانہ کو یرغمال بنا کر واردات کرتے رہے،اس دوران اہل خانہ کو ایک کمرے میں بند رکھا گیا، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد ایک کار میں آئے تھے، تاہم واقعہ کی تحقیقات میں مزید پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔