• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی فرار ہوتے ہوئے خطرناک دہشتگردگروپ کا کارندہ گرفتار

کراچی (اسد ابن حسن) کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی فرار ہوتے ہوئے ایک خطرناک دہشت گرد گروپ کا کارندہ گرفتار کرلیا گیا۔ مذکورہ دہشت گرد کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے اور اس کی نشاندہی پر بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح پرائیوٹ ایئرلائن سے سفر کرنے والا مسافر عون محمد جب ایف آئی اے کائونٹر پر پہنچا تو اس کا نام بلیک لسٹ پر ہٹ ہوا۔ اس کو آف لوڈ کرکے جب ایف آئی اے افسران نے ابتدائی تفتیش کی تو اس نے انکشاف کیا کہ وہ چھوٹے بڑے لوگوں کو ڈرا دھمکا کر بھتہ وصول کرتا رہا ہے اور وہ ایک گینگ کا کارندہ ہے اور ڈیرہ غازی خان کا رہائشی ہے اور وہاں اس کے خلاف تھانہ شاہ صدرالدین میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت 25 دسمبر 2019ء کو ایک ٹرانسپورٹر ریاض حسین نے مقدمہ درج کروایا تھا کہ اس نے ٹرانسپورٹر سے بھاری بھتہ نہ دینے پر اس کے گھر کے باہر کھڑی گاڑی پر فائرنگ کرکے اس کی گاڑی کو تباہ کردیا تھا۔ اس انکشاف کے بعد ایف آئی اے نے تھانہ شاہ صدرالدین سے رابطہ کیا جس کے بعد وہاں کی ایک ٹیم کراچی پہنچ کر اسے ڈیرہ غازی خان لے گئی اور وہاں مزید تفتیش کے بعد اس کی نشاندہی پر بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
تازہ ترین