• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ڈی اے‘ سیکٹر آئی چودہ کو گیس فراہمی کیلئے 21کروڑ کی منظوری

ااسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں ترقیاتی کاموں کے تعطل کے شکار سیکٹروں میں ترقیاتی کاموں کو فوری مکمل کرنے کی جامع پالیسی کے تحت سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی14 کے باقی ماندہ ایریاز میں گیس کی فراہمی کیلئے 210اعشاریہ 552ملین روپے کی منظوری دیدی ہے۔ سی ڈی اے یہ رقم آئندہ چند دنوں میں سوئی ناردرن گیس لمٹیڈ کو ادا کریگا جس کے بعد گیس سپلائی کیلئے تیزی سے کام کا آغاز کر دیا جائیگا۔ اس سیکٹر کے تمام علاقوں میں گیس فراہمی ایک دیرینہ مطالبہ تھا۔ 1989ء سے اس پر توجہ نہیں دی گئی تھی تاہم سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے 21کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔ سوئی ناردرن 3470میٹر طویل 4انچ ڈایا کی مین لائن بھی بچھائے گا۔ علاوہ ازیں 29ہزار 250میٹر طویل دو انچ ڈایا کی پائپ لائن‘ 50ہزار ایک سو دس میٹر طویل سوا ایک انچ ڈایا کی پائپ لائن کے علاوہ پہلے سے موجود گیس پائپ لائن کے نیٹ ورک کو بھی مزید اپ گریڈ کیا جائیگا۔ سی ڈی اے‘ ڈی ڈبلیو پی کی اکتوبر میں 45ویں میٹنگ میں سیکٹر آئی چودہ کیلئے 3112اعشاریہ 162ملین روپے کے پی سی ون کی منظوری دی گئی تھی۔
تازہ ترین