• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرونا وائرس، دفترخارجہ نے برطانوی شہریوں کو ہوبی نہ جانے کا مشورہ دیدیا

لندن( پی اے) دفتر خارجہ برطانیہ نے ہوبی کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے، اس نے چین میں کرونا وائرس کی وباپھوٹ پڑنے پر نئی ٹریول ایڈوائس جاری کی ہے، اور چینی صوبے ہوبی کے سفر کے خلاف وارننگ دی ہے جہاں سے وائرس شروع ہوا ہے اور وہاں پہلے سے موجود برطانوی باشندوں کو اگر وہ وہاں سے نکل سکیں تو چلے جانے کا مشورہ دیا ہے صوبہ کئی روز سے بند ہے اور حکام وائرس کو محدود کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس سے اب تک کم از کم 56افراد ہلاک ہوچکے ہیں تاہم ہوبی صوبے میں موجود کچھ برطانوی باشندوں نے کہا ہے کہ وہ وہاں سے نہیں جاسکتے، وزیرداخلہ پریتی پٹیل نے اسکائی نیوز کو بتایا کہ حکومت چین میں برطانوی باشندوں کی مدد کے لئے تمام آپشنز پر غور کررہی ہے، تاہم ان رپورٹوں کی تصدیق نہیں کی کہ لوگوں کو نکالنے کے لئے طیاروں کے استعمال کے منصوبے وضع کئے جارہے ہیں ،وائرس ہوبی صوبے کے شہرو وہان سے شروع ہوا اور تقریبا 2 ہزار افراد کو متاثر کرچکا ہے، برطانیہ میں وائرس سے متاثر ہونے کے شبے میں 31 افراد کے ٹیسٹ نگیٹو آئے ہیں، محکمہ صحت نے کہا ہے کہ برطانیہ اورباہر برطانوی شہریوں کے مصدقہ کیس نہیں اور عوام کے لئے خطرہ کم ہے، حکام ان تقریبا 2 ہزار افراد کا پتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں جو گزشتہ 15 روز میں ووہان سے برطانیہ آئے ہیں ، دریں اثنا چینی صدر ژی چن پنگ نے وارننگ دی ہے کہ وائرس کا پھیلائو تیز ہورہا ہے اور سینئر حکام کو بتایاہے کہ ملک کو سنگین صورتحال کا سامنا ہے، ہوبی صوبے میں قائم چیک پوائنٹس پر لوگوں کو جانے سے روکا جا رہاہے ، ائر پورٹ بند ہے ، مریضوں اور طبی سامان یا جانے والی گاڑیوں کے سوا تمام گاڑیوں کے لئے بہت ساری سڑکیں بند ہیں، علاوہ ازیں تمام گاڑیوں کا وہاں کے وسطی اضلاع سے سفر بند ہے، برطانوی سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ چین کے لئے وائرس کو محدود کرنا نا ممکن ہوگا۔ ایم آر سی سینٹر فارگلو بل انفیکشن ڈزیز کے ریسرچ کرنے والوں نے اندازہ لگایا ہے کہ ہر شخص دیگر دو یا تین افراد کو وائرس منتقل کررہا ہے ، امپیریل کالج لندن نے کہا ہے کہ وبا پر قابو پانے کے لئے وائرس کی منتقلی کی شرح میں 60 فیصد کمی کی ضرورت ہے، ووہان میں بچے ہوئے کچھ برطانوی باشندوں نے صورتحال پر برطانوی حکومت کے ردعمل پر تنقید کی ہے۔

تازہ ترین