• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری ایل او سی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کا نوٹس لے ، بشیر رٹوی

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) چوہدری بشیر رٹوی چیئرمین مسلم کانفرنس تحریک کشمیر بورڈ برطانیہ و یورپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیز فائر لائن کی دونوں اطراف بسنے والے کشمیری پاک فوج کو اپنی فوج سمجھتے ہیں اور یہ جوان ہمارے اصل ہیرو ہیں جو ہماری حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی طرف سے معصوم شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی افواج کو معصوم شہریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے سے روکے۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کشمیر میں تسلسل کے ساتھ مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے، کوئی روکنے والا نہیں، مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر غور کریں، تنازع کشمیر کو کشمیری عوام کے جائز اور بین الاقوامی پر تسلیم شدہ حق خودارادیت سے مسلسل بھارتی انکار کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تنازع کو عدل و انصاف، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشاء میں امن و سلامتی کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔ اُنھوں نے اقوام متحدہ، برطانیہ، امریکہ، فرانس، روس اور چین سے مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی ایشائی خطے میں امن کو یقینی بنانے کیلئے سیاسی، سفارتی کوششوں سے تنازع کشمیر کو حل کروائیں۔ ہندوستان کے تمام تر مظالم اور جبر ستم کے باوجود جموں کشمیر کے حریت پسند عوام اپنی تحریک آزادی کو کامیابی تک جاری و ساری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں اس جائز اور منصفانہ جدوجہد نہیں روک سکتی۔

تازہ ترین