• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم مقبول پر بھارتی ہائی کمیشن پر بھرپور احتجاج کیا جائیگا، جے کے نیپ

وٹفورڈ ( نمائندہ جنگ) یوم مقبول پر بھارتی ہائی کمیشن لندن کے سامنے بھرپور مظاہرہ کریں گے ۔11 فروری شہید کشمیر مقبول احمد بٹ شہید کے یوم شہادت کے موقع پر بھارتی ہائی کمیشن لندن کے باہر ہونے والے مظاہرہ میں تمام آزادی پسند تنظیموں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس مظاہرہ میں شامل ہوں اور سیکولرازم کے لباس میں چھپے ہوئے عالمی دہشت گرد بھارت کو بے نقاب کریں ۔ ان خیالا ت کا اظہار ساجد شاہین ، کامریڈ اصغر ملک، شاہد ملک ، قمر زمان، امجد لون ، مشتاق مغل ، کامریڈ شکور ، قمر ملک، سردار ضمیر، اور ارشد حسین نے جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے زیر اہتمام ہونے والے اجلاس کے دوران کیا، رہنماؤں نے کہا کہ بھارتی سفارتخانہ لندن کے سامنے برطانیہ میں موجود تمام آزادی پسند کشمیری شامل ہو کر ہندوستان کےبھیانک اور مکار چہرے کو بے نقاب کرینگے اور شہید کشمیر مقبول احمد بٹ شہید کے جسد خاکی کی حوالگی کے مطالبہ کیلئے جمہوری طریقہ کو اپناتے ہوئے لندن میں بھارتی سفارتخانہ کے سامنے بھرپور احتجاج کرینگے۔ شہید کشمیر محمد مقبول احمد بٹ کشمیری قوم کے لیڈر اور ہیرو تھے جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر قوم کو درس دیا کہ وطن کی آزادی کیلئے جدوجہد لازم ہے، اس جدوجہد کے سفر میں کٹھن سے کٹھن سفر کو عبور کرنا پڑے گا اور اس کیلئے ہر قربانی کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ جموں کشمیر کے عوام شہید مقبول احمد بٹ کے نظریات اور فلسفہ کو سامنے رکھ کر اپنی جدوجہد کو حتمی منزل تک لیکر جانے کیلئے متحد ہیں۔ اجلاس میں شہدائے چکوٹھی کی قربانیوں پر بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ 
تازہ ترین