• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
گل و خار … سیمسن جاوید
پاکستان میں کسی نہ کسی طرح مذہبی تعصب یا مذہبی انتہا پسندی کے رجحانات اور رویوں کو ہوا دینے کی وجوہات پیدا ہوہی جاتی ہیں۔ جس سے مذہبی تعصب کو فروغ مل رہا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اس عمل پر عدم اعتماد کا اظہار کرتی آرہی ہیں کہ اس سے نفرتیں اور مذہبی انتہاپسندی بڑھنے کے مزید خدشات موجود ہیں۔ 15 جنوری کواسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے احمدیوں کی بار ایسوسی ایشن میں ممبر شپ کے لئے ختم نبوت کا حلف نامہ جمع کرانا لازمی قرار دیاہے ۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے خدشہ یہ ظاہر کیا ہے کہ اس قدم سے انتہا پسند عناصر کے لئے احمدیوں کی شناخت آسان ہو جائے گی اور انہیں لاحق خطرات میں اضافہ ہوگا۔اسلام آباد بار میں ماضی میں بھی مذہبی انتہا پسندی کے معاملات سامنے آتے رہے ہیں۔ سابق گورنر سلمان تاثیر کو قتل کرنے والے ممتاز قادری کی گرفتاری کے بعد پہلی پیشی پر اسلام آبا کی عدالت میں ان پر گل پاشی بھی کی گئی تھی۔ اس سے قبل ملتان میں ختم نبوت سے تعلق رکھنے والے وکلاء نے ملتان ہائی کورٹ بار کونسل کے الیکشن میں غیر مسلمانوں(احمدیوں) کا الیکشن میں حصہ لینے کے خلاف احتجاج کیا۔ بلکہ غیر مسلم وکلاء کے الیکشن لڑنے پر پابندی لگائے جانے کی قرارداد بھی منظور کی۔ اس خبر کو پریس میڈیا نے شائع کیا۔اوورسیز میں رہنے والے لبرل اور سیکولر سوچ رکھنے والے ایکٹیوٹس نے سوشل میڈیا پر احتجاج کیا۔حساس ایشو ہونے کی وجہ سے پاکستان میں کسی نے اس پر تبصرہ نہیں کیا۔بعد ازیں ملتان ڈسٹرکٹ بار کونسل نے اخبارات میں شائع ہونے والی اس خبر کی تردید یوں کی کہ ان کا مقصد الیکشن میں حصہ لینے والے مسلم امیدوارکو ختم نبوت کے حلفیہ بیان کا فارم پُر کرنا لازمی ہونا چاہئے ۔اسکا مطلب یہ ہرگز نہیں تھا کہ غیرمسلم اس الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے۔خیر ملتان کے وکلاء نے عقل مندی کا ثبوت دیا۔ اسی طرح 13 دسمبر2019 کوانسانی حقوق کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں ضلع اٹک کی اسسٹنٹ کمشنر جنت حسین نے تقریر کی کہ ہمیں غیر مسلم اقلیتوں کو برابر کے حقوق دینے چاہئیں۔ ہم آپس میں تفرقہ بازی میں پھنس چکے ہیں ۔سب اختلافات کو بھلا کراور تفرقات کی حد بندیوں سے نکل کر صرف اور صرف اپنی شناخت ایک مسلمان اور پاکستانی بنانے کی ضرورت ہے ۔ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہو گئی جس سے اسسٹنٹ کمشنر مشکل میں پھنس گئی۔ چند طلبا نے جارحانہ انداز میں ان کے ذاتی عقیدے کی وضاحت بھی مانگ لی کہ انہوں نے اتحاد کی بات کرتے ہوئے لفظ ’احمدی‘ کیوں استعمال کیا۔ جس پر انہیں اپنے الفاظ واپس لینے پڑ گئے۔گویا احمدیوں نے نہ صرف مسلمانوں کے خلاف سرگرمیاں جاری رکھیں بلکہ انہوں نے مسیحیت کے خلاف بھی بہت کچھ کہا اور شائع کیاہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں 1973 میں غیر مسلم قرار دے دیا گیا۔ہمارے ملک میں بہت سے عوامل ہیں جنہوں نے پاکستانی عوام میں مذہبی انتہا پسندی کا زہر انجیکٹ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ جہالت کی انتہا ہے کہ عوام ایسے لوگوں کی باتوں میں بہت جلد پھنس جاتے ہیں اور مذہبی جذبات کی رو میں مشتعل ہو کردوسروں کا نقصان کر بیٹھتے ہیں۔جس میں گلوبل جنگیں اور پروپیگنڈا بھی شامل ہے۔ماضی میں مذہبی انتہا پسندی کو ہوا دینے میں جنرل ضیاء الحق کا بھی بڑا ہاتھ رہاہے۔ 1980 اور 1986 کے درمیان جنرل ضیا الحق کی فوجی حکومت کے دور میں پاکستان کے قانون کی متعدد شقوں295 بی اورسی کا اضافہ کیاگیا۔ جنرل ضیا الحق ان قوانین کو اسلام سے مزید مطابقت دینا چاہتے تھے اور احمدیوں (جنہیں 1973 میں غیر مسلم قرار دیا جا چکا تھا) کو ملک کی مسلمان اکثریت سے علیحدہ کرنا چاہتے تھے تاکہ یہ شقیں احمدیوں کی مسلم مخالف سرگرمیوں کو روکتیں۔ مگر نا سمجھ علماء اورعلم سے عاری عوام نے ان قوانین کا استعمال مذہبی اقلیتوں خصوصاً مسیحیوں کے خلاف اپنے مفادات حاصل کرنے کے لئے شروع کر دیا۔ اس کے غلط استعمال نے نہ صرف مذہبی اقلیتوں کوبلکہ خود مسلمانوں کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ ملتان جو اولیائے کرام کا شہر ہے یہاں عام لوگوں میں مذہبی انتہا پسندی کی شرح بھی زیادہ ہے اور ختمِ نبوت سے تعلق رکھنے والے وکلاء کی بھی اکثریت ہے۔ مدعا یہ ہے کہ بہت پڑھے لکھے اور وسیع سوچ رکھنے والے لوگ بھی اس مذہبی انتہاپسندی اور تعصب کا خمیازہ بھگت چکے ہیں جسکی زندہ مثال فْل برائیٹ اسکالرجنید حفیظ ہے جس کا تعلق پنجاب کے شہر راجن پور سے ہے۔ وہ 2010 میں امریکہ کی جیکسن اسٹیٹ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد پاکستان آیا اور آج 6سال سے توہین مذہب کے الزام میں جیل میں قید کاٹ رہاہے۔ ملتان میں انسانی حقوق کمیشن کے سرکردہ رہنما ارشد رحمٰن جنید کی مدد کو آئے توانہیں فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا۔ مذہبی انتہا پسندی کا زہر کچھ اس طرح سے معاشرے میں سرایت کر دیا گیا ہے اور قانون کو اپنے مقاصد اور مفادات کے لئے استعمال کرکے عام عوام کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔ اب چاہے وہ مسلمان ہو یا اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو وہ غیر محفوظ ہے اورحق کی آواز اٹھانے والے کو خاموش کر دیا جاتا ہے اور جب کبھی اقلیتیں اپنے ساتھ ہونے والی مذہبی انتہا پسندی سے نکلنے کی کوشش کرتی ہیں یا اقلیتوں کے تحفظ کے بل کو اسمبلی میں لانا چاہتی ہیں یاحکومت ان قوانین میں ترمیم کرنے کی کوشش کرتی ہے تاکہ اس کے غلط استعمال اور مذہبی انتہا پسندی کو روکاجائے تو سب سے پہلے مذہبی تنظیمیں مخالفت میں اٹھ کھڑی ہوتی ہیں۔ ابھی تک تیاری کے باوجود اسلامی نظریاتی کونسل تبدیلی مذہب و نکاح جیسے اہم مسئلے کی سفارشات حکومت کوپیش نہیں کر سکی نہ ہی اقلیتوں کے تخفظ کا بل قومی اسمبلی میں پیش ہو سکا۔ جب نیب کے اختیارات کو کم کرنے اور ترمیمی آرڈیننس کی بات چل رہی تھی تو اسلامی نظریاتی کونسل نے فوری نیب میں غیر اسلامی شقوں کی نشاندہی کر دی۔ مگرشاید جب اقلیتوں کے حق کی بات آتی ہے تو اسلامی نظریاتی کونسل کسی مصلحت کا شکار ہو جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ مذہبی انتہا پسندی میں کمی ہونے کی بجائے اضافہ ہی ہوتا چلا جا رہا ہے۔ 2010میں برسرِاقتدار پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے اس حوالے سے ایک بل متعارف کروایا۔ اس بل میں مذہبی جرائم کے حوالے سے پروسیجر میں تبدیلی کے لئے کہا گیا تھا تاکہ یہ کیسز اعلیٰ پولیس افسران کے پاس جائیں اور اعلیٰ عدالتیں ہی ان کیسز کی شنوائی ہو۔مگر فروری 2011 میں مذہبی جماعتوں کے زبردست دباؤ کے بعد اس بل کو واپس لے لیا گیا۔ عمران خان نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ان قوانین کی حفاظت کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ فی الحال تو انہیں اپوزیشن مخالف پالیسیوں کی وجہ سے سخت مذمت کا سامنا ہے جس کی وجہ سے قانونی سازی کا عمل بالکل رک گیا ہے۔ آرڈینیس بلز سے کام چلا یاجا رہا ہے۔ دیکھیں وہ یہ وعدہ کب پورا کریں گے۔
تازہ ترین