• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بھارت کا یوم جمہوریہ، دنیا بھر میں کشمیریوں کیلئے یوم سیاہ، مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال، وادی چھاؤنی میں تبدیل

بھارت کا یوم جمہوریہ، دنیا بھر میں کشمیریوں کیلئے یوم سیاہ


سرینگر (جنگ نیوز) بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر دنیا بھر میں کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا ، مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال رہی۔

وادی فوجی چھاؤنی میں تبدیل، جگہ جگہ ناکہ بندیاں، لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف پراحتجاجی مظاہرے اور ریلیاں، بھارتی حکومت کیخلاف اور آزادی کے حق میں مظاہرے ،مقبوضہ وادی میں قابض فورسز کی ریاستی دہشتگردی ، مزید 3کشمیریوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا ۔

بھارت کے یوم جمہوریہ پر ریاست آسام یکے بعد دیگرے ہونے والے 4 زوردار دھماکوں سے گونج اٹھا،پولیس نے گرنیڈ دھماکوں کی ذمہ داری علیحدگی پسند عسکری پسند تنظیم الفا پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ اس تنظیم نے بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔

ادھر بھارتی یوم جمہوریہ پر امریکا، لندن اور بنگلہ دیش سمیت کئی ممالک کے دارالحکومتوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، ڈھاکا کے اہم اور نمایاں مقامات پر بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف پوسٹر آویزاں کئے گئے۔

اس کے علاوہ بھارت کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف متنازع شہریت قانون اور بے گناہ بنگلہ دیشی شہریوں کی سرحدی علاقوں میں ہلاکتوں کے خلاف بھی شدید احتجاج کیا گیا۔ بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر امریکا کے 30 شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

واشنگٹن سے شائع ہونے والے روزنامے کے مطابق بھارت میں متنازع شہریت قانون کے خلاف مظاہرے میں ہزاروں امریکی بھارتی شہری شریک ہوئے جنہوں نے پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔ مظاہروں کا مقصد مسلمانوں کے خلاف ناروا سلوک کے خلاف آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کی توجہ اس طرف مبذول کرانا ہے کہ وہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف وحشیانہ طاقت کے استعمال کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

لندن میں بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کو کشمیری اور سکھ برادری نے یوم سیاہ کے طور پر منایا، کشمیری اور سکھ برادری نے لندن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا اور بھارت مخالف نعرے لگائے، احتجاج میں برطانیہ بھر سے لوگ شامل ہوئے۔

شرکاءنے بھارت سے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف جاری ناروا سلوک کے خلاف درج نعروں والے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ برطانوی حکومت نے احتجاج روکنے کی بھارتی حکومت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

دریں اثناء مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ایک اور بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے تینوں کشمیریوں کو ترال میں شہید کیا۔

حریت رہنماوں کی اپیل پر بھارت کے یوم جمہوریہ پر دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ گیا جب کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو فوجی چھانی میں تبدیل کر دیا ہے۔متوقع احتجاج کے پیش نظر جگہ جگہ بھارتی فوجی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کو شروع ہونے والے بھارتی محاصرے کو 175 دن ہو گئے ہیں اور سرد موسم میں کشمیریوں کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے جوان ہیں۔

تازہ ترین