• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج یا کل، سندھ حکومت کی خواہش کے مطابقIG کی تقرری ہونے کا امکان

اسلام آباد(حیدرنقوی) گورنر سندھ عمران اسماعیل سندھ حکومت کے ہر دلعزیز بن چکے ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ سے اُن کی انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات جلد ہی سندھ کی سیاست میں سب کچھ اچھا کرنے والی ہے ۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ دنوں وزیر اعظم سے اپنی ملاقات میں گورنر سندھ نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ ہمیں سندھ کے متعلق بڑے فیصلوں میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت کی خواہشات کا بھی خیال رکھنا ہوگا اور شکایات دور کرنے کی کوشش کرنی ہوگی وزیر اعظم عمران خان نے بھی گورنر سندھ کے مشورے کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

اس دوران وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان تین دفعہ ٹیلیفونک رابطہ ہوا اور وزیراعظم نے آئی جی کے معاملے پر سندھ حکومت کے پیش کردہ ناموں کو ترجیح دینے کا وعدہ بھی کیا جبکہ اندر کی اطلاعات یہ ہیں کہ آج یا کل تک سندھ حکومت کی خواہش کے مطابق آئی جی کی تقرری ہوجائے گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا رویہ اُن کے ساتھ بہترین ہے اور اسی لیے آج وزیر اعظم کو لینے وہ دوپہر ڈھائی بجے ائیرپورٹ جارہے ہیں اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے ذرائع نے گورنر سندھ کے کردار کی تعریف کی ہے اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے ۔

گورنر سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ سندھ کی ترقی کیلئے تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں چاہے وہ پیپلز پارٹی ہی کیوں نہ ہو اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے ساتھ ساتھ وہ صوبائی وزراء ناصر شاہ اور مرتضیٰ وہاب جیسے سمجھدار لوگوں کو بھی اپنے ساتھ لیکر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ گورنر سندھ کے ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی سے تعلقات بہتر سے بہتر ہونگے مگر اس کے ساتھ ساتھ ہم اپنے اتحادیوں کی بھی ہر خواہش کا احترام کریں گے کیونکہ سندھ کی ترقی کے لیے ہر جماعت ایک دوسرے سے جُڑی ہوئی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے گورنر سندھ کے رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پچھلے دنوں جو بھی سیاسی بھونچال آیا اُس کے بعد پی ٹی آئی نے اسے وقت کی آواز جان کر مثبت فیصلے کرنے شروع کردیئے ہیں جو کہ صوبے اور ملک دونوں کے لیے بہترین ہے اور اگر گورنر سندھ کا اگر ایسا ہی رویہ رہا تو ہم ان کے ساتھ ایک طویل عرصے تک چلیں گے۔

گزشتہ دنوں وفاق میں بیرسٹر فروغ نسیم کو گورنر سندھ بنانے کا تذکرہ عروج پر تھا مگر متحدہ قومی موومنٹ کے فروغ نسیم کے متعلق بیانات کے بعد اب ایسا ہونا ممکن نظر نہیں آتا اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سندھ کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے جو قابل تعریف ہے۔

تازہ ترین