• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نشترمیں رش،ملتان میں ٹراما سنٹر قائم کیا جائے:پی ایم اے

ملتان( سٹاف رپورٹر) پی ایم اے پنجاب کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر عباس نقوی نے کہا ہے کہ ملتان میں ٹراما سنٹر کی اشد ضرورت ہے تاکہ مختلف حادثات میں زخمی ہونے والے مریضوں کو بروقت طبی امداد مل سکے اور ان کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔بیان میں انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال کا ایمرجنسی وارڈ مریضوں کے بڑھتے ہوئے رش کی وجہ سے کم پڑگیا ہے۔ متعدد مریضوں کو داخلہ ہی نہیں ملتا یا ایک ایک بستر پر دو سے تین مریض داخل ہوتے ہیں۔جگہ کی کمی کی وجہ سے مریض پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں جہاں علاج پر بھاری اخراجات بھی آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹراما سنٹر شہر میں کسی مرکزی جگہ پر بنایا جائے جو نہ صرف سٹیٹ آف آرٹ ہو بلکہ پورے جنوبی پنجاب سے آنے والے مریضوں کا بوجھ برداشت کرنے کے بھی قابل ہو۔انہوں نے کہا ٹراما سنٹر ہفتہ میں 24گھنٹے فعال ہونا چاہئے جہاں لیب، الٹرا ساونڈ،ڈیجیٹل ایکسرے،سی ٹی سکین،آپریشن تھیٹرز و دیگر جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ٹراما سنٹر ابتدائی طور پر 200بستروں پر مشتمل ہو جو قابل توسیع ہوں۔انہوں نے کہا کہ ٹراما سنٹر میں راونڈ دی کلاک جنرل سرجن،نیورو سرجن،آرتھوپیڈک سرجن، ریڈیالوجسٹ، پتھالوجسٹ کی خدمات حاصل ہونی چاہئیں۔
تازہ ترین