• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹک ٹاک پر قائم حکومت جلد ختم ہو نےوالی ہے:سلطانہ شاہین

ملتان(سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن کی سٹی صدر و سابق ایم پی اے سلطانہ شاہین اور جنرل سیکرٹری شاہین شفیق نے کہا ہے تحریک انصاف کی حکومت ٹک ٹاک پر قائم ہے جلد ختم ہوگی۔ان کے وزراء بالی ووڈ کے اداکاروں کی طرح ڈرامے بازی کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب عوام کو بجلی گیس آٹا سمیت مختلف اقسام کے فیول ایڈجسٹمنٹ میں الجھایا ہوا ہے۔ یہ بات انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نےکہاکہ عوام جان چکےہیں موجودہ حکومت میں کوئی اہلیت نہیں ۔ نوکری اور مکان کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔مریم نواز کو ان کے بیمار والد سے نہ ملنے دینا حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حکومت کو بھی نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے نام سے فوبیا ہے اور یہ سولہ مہینے انہی کی بیماری پر حکومت چلاتے آرہے ہیں۔ میاں نواز شریف کو ان کے کاموں کی سزا دی گئی ۔مسلم لیگ ن ایک جمہوری جماعت ہے اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا آنے والا دور مسلم لیگ ن کا ہوگا۔ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف جلد پاکستان آئیں گے اور ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔
تازہ ترین