• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیائی کمیونٹی کوصحت سے متعلق آگاہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، فرینکفرٹ میں پاکستانی ڈاکٹرز کا سیمینار

فرینکفرٹ (نمائندہ جنگ) جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کی تنظیم ہیومن ویلفیئر ایسوسی ایشن کمیونٹی کے لئے اردو ادب کے ساتھ اہم موضوعات پر پروگرامز کا انعقاد یقینی بناتی رہی ہے۔ تنظیم نے جرمنی میں پہلی مرتبہ حفظان ِ صحت جیسے اہم موضوع پر ایک نہا یت اہم سیمینار کا اہتمام کیا جس میں جرمنی بھر سے پاکستانی ڈاکٹرز نے حصہ لیا۔ تقریب کی صدارت کے فرائض قائم مقام قونصل جنرل شعیب منصور ادا کئے۔سیمینار میں شرکاء ڈاکٹرز میں سے ڈاکٹر تسنیم سعید نے ڈیپریشن، ڈاکٹر بلال ورک نے جوڑوں کے درد اور ڈاکٹر سرمد لارک نے شوگر جسے جان لیوا مرض پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے ان امراض کے پیدا ہونے کی وجوہات اور اس کے بچاؤ کی احتیاتی تدابیر، بیماری میں مبتلا ہونے کے بعد کامیاب علاج سے متعلق مفید معلومات فراہم کیں۔ ان کے لیکچرز کے بعد ڈاکٹرز اور شرکاء کے درمیان سوال و جواب کا طویل اور سودمند سلسلہ جاری رہا۔ ڈاکٹر سرمد نے کہا کہ ایشیائی کمیونٹی کے لئے صحت سے متعلق آگاہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید اقبال حیدر نے اس کمی کو بڑی حد تک پورا کیا اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہنا چاہئے۔ ڈاکٹر بلال نے سامعین کو غذا کی اہمیت اور پرہیز سے متعلق قیمتی مشورے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پرہیز کے باعث متعدد بیماروں سے بچا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر تسنیم سعید نے اس پروگرام کے انعقاد پر میزبان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بیداری صحت کے موضوع پر ان پروگرامز کا سلسلہ اب ہیومن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ساتھ جاری رہے گا۔ تقریب کے میزبان سیّد اقبال حیدر نے کہا کہ جسم کی بیماریاں محسوس کی جاتی ہیں، انگلش، جرمن زبان پر عبور رکھنے والے افراد کو بھی بعض دفعہ اپنے احساسات کی ترجمانی میں دشواری محسوس ہوتی ہے اور اسی کمی کو محسوس کرتے ہوئے انھیں اس سمینار کے انعقاد خیال آیا جس کے لئے جرمنی میں مقیم ڈاکٹرز صاحبان نے بھرپور تعاون کرکے تقریب کو کامیاب کیا۔ تقریب کے صدر قائم مقام قونصل جنرل شعیب منصور نے شاندار اور اہم تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریب برسوں پہلے ہونی چاہیے تھی مگر اللہ نے یہ سعادت اقبال حیدر کے نصیب میں لکھی تھی۔ جرمنی میں پاکستانی ڈاکٹرز ملک کا نام روشن کر رہے ہیں ان کا اپنی کمیونٹی کے لئے ایسے پروگرام کا انعقاد لایقِ تحسین ہے۔ ایسے پروگرامز کی پذیرائی کرنا چاہی۔ ہیومن و یلفیئرایسوسی ایشن کی طرف سے ڈاکٹر تسنیم سعید، ڈاکٹر بلال ورک، ڈاکٹر سرمد لارک کو شعیب منصور کے ہاتھوں ’’ Best Health Awareness Award 2020 ‘‘ دیئے گئے اور تقریب میں معاونت اور بے لوث کمیونٹی کی خدمت پر حسن رضا کو ’’Best Social Activist Award 2020 ‘‘ کا خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔ آخر میں تقریب کے میزبان چیئرمین ہیومن ویلفیئر ایسوسی ایشن سید اقبال حیدر نے تقریب میں کثیر تعداد میں شرکاء بالخصوص ڈاکٹر زینب، ڈاکٹر نمرا، ڈاکٹر طاہر، میونخ سے آئے ہوئے شارق جاوید، اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر فاطمہ، سماجی کارکن شہیلا بیگ، حافظ عبد الرحمٰن، راشد غوری، رفیق بٹ، مرزا اصغر، حاجی نذر، اورسیز پاکستانی آرگنائزیشن کے اعجاز پیاراج، وقاص عارف، ممبر پنجاب اسمبلی رانا لیاقت اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے لئے ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

تازہ ترین